(24نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) پہلی بار آئندہ برس آمنے سامنے ہوں گی، آئی پی ایل کی نیلامی میں اس بار دنیا بھر کے بڑے کرکٹرز نظر انداز کردیے گئے جس کے بعد پاکستان نے ان کھلاڑیوں کو اپنے ایونٹ میں کھلانے کے لیے نظریں جما لی ہیں۔
جہاں ایک طرف آئی پی ایل اور پی ایس ایل ایک ساتھ ہونے جا رہے ہیں وہیں دوسری جانب نیلامی میں ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ جیسے کھلاڑیوں کو نظرانداز کردیاگیا ہے، اب پی ایس ایل ٹیمیں ان کھلاڑیوں کو سائن کرنا چاہتی ہیں، اب سوال یہ پیداہوتا ہے کہ اب جب دونوں ایونٹ ایک ساتھ ہونے جارہے ہیں تو کھلاڑی کہاں کہاں کھیلیں گے؟
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ، کین ولیمسن، جونی بیرسٹو، اور عادل رشید جیسے مشہور کھلاڑی پی ایس ایل سیزن (اپریل مئی) کے دوران دستیاب ہوں گے کیونکہ اس دوران ان کے پاس کوئی بین الاقوامی میچ شیڈول نہیں ہے، امید لگائی جارہی ہے کہ یہ کھلاڑی پی ایس ایل میں ان ایکش نظر آئیں مگر یہ آنے والا وقت ہی بتائے گاکہ کیا ہوتا ہے؟
پی سی بی نے بڑے کھلاڑیوں کو ایونٹ میں کھلانے کے لئے منصوبہ تشکیل دے دیا ہے، رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل کے نئے سی ای او سلمان نصیر نے پی ایس ایل فرنچائز مالکان کو براہ راست کھلاڑیوں کے ایجنٹس سے بات کرنے کا مشورہ دے دیاہے، کچھ فرنچائز مالکان کھلاڑیوں کو پی ایس ایل کے لیے تنخواہ کی حد سے زیادہ کچھ بھی ادا کرنے سےقاصر ہیں اور دوسری جانب یہ بھی خدشہ ہے کہ اگر کوئی فرنچائز کسی ہائی پروفائل کھلاڑی کو زیادہ تنخواہ پر سائن کرتی ہے تو ممکن ہے اس سے دیگر کھلاڑیوں میں عدم اطمینان پیدا ہو، یہی وجہ ہے کہ ابھی تک پی ایس ایل فرنچائزز کوئی حتمی فیصلہ نہیں لے سکیں۔