(24 نیوز)سینٹ انتخابات کے سلسلہ میں پاکستان تحریک انصاف کی سندھ قیادت میں اختلافات ختم کرانے کیلئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کراچی پہنچ گئے۔ انہوں نے ناراض عہدیداروں سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کراچی میں آنے کا مقصد تحریک انصاف سندھ کے رہنماؤں میں سینٹ انتخابات کیلئے دیئے گئے ٹکٹوں کی تقسیم پر پیدا ہونے والے اختلافات ختم کرانا ہے۔انہوں نے کراچی پہنچنے پر سینٹ ٹکٹوں کی تقسیم پر ناراض سندھ کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔اس موقع پر ناراض عہدیداروں نے ٹکٹوں کی تقسیم پر تحفظات کا اظہار کیا۔ شاہ محمود قریشی نے معاملات کو حل کرانے کی یقین دہانی کرا دی۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی سینٹرل سندھ ریجن کے عہدیداروں نے سینٹ کے ٹکٹوں کے معاملے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے گورنر سندھ کو خط لکھا ہے جس میں فیصل واوڈا اور سیف ﷲ ابڑو کو ٹکٹ دینے کے فیصلے کو غلط قرار دیا گیا ہے۔