جو حالات ہیں شاید سینٹ انتخابات میں ہی عدم اعتماد آجائے: مریم نواز

Feb 15, 2021 | 14:26:PM

(24نیوز)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ میری ایک سرجری ہونی ہے جو پاکستان میں نہیں ہوسکتی لیکن میں حکومت سے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کی کوئی درخواست نہیں کروں گی۔تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اپنی جماعت میں ارکان ٹکٹ کے معاملے پر تحفظات ظاہر کر چکے ہیں۔ جو حالات دیکھ رہی ہوں شاید سینٹ انتخابات میں ہی عدم اعتماد آ جائے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز  کا کہنا تھا کہ  بیک ڈور رابطوں کی ضرورت ان کو ہے جو اس وقت مشکل میں ہیں، پی ڈی ایم یا مسلم لیگ(ن) کو بیک ڈور رابطوں کی ضرورت نہیں ہے۔پی ڈی ایم کو توڑنے کے خواب دیکھنے والے خود بہت جلد ٹوٹیں گے اور ٹوٹتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، یہ بات کافی نہیں ہے کہ صبح ٹکٹ دیتے ہیں اور شام میں واپس لے لیتے ہیں، اگلے دن پھر اپنی ہی جماعت کی جانب سے ایک عدم اعتماد آ جاتی ہے، اپوزیشن کم بول رہی ہے اور ان کی جماعت زیادہ بول رہی ہے۔

لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے عام آدمی کو سینٹ ٹکٹ دیا لیکن عمران خان نے ارب پتی افراد کو ٹکٹ دیا ہے کیا 22 سالہ جدوجہد میں کوئی بھی ایسا شخص نہیں کہ ٹکٹ دیا جائے۔ ہمیں اپنے قائد نواز شریف اور پارٹی قیادت پر فخر ہے۔یوسف رضا گیلانی پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے متفقہ امیدوار ہیں۔ لیگی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد ہم پرامن طریقے سے انتخابی مہم چلارہے ہیں لیکن حکومت اپنی شکست کو دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھاکہ میرا صحت کا مسئلہ ہے جس کی وجہ سے میری ایک سرجری ہونی ہے جو پاکستان میں نہیں ہو سکتی لیکن میں اس حکومت سے بالکل نہیں کہوں گی کہ میرا نام ای سی ایل سے نکالے، مجھے اس ملک سے کہیں نہیں جانا، میرا جینا مرنا اس ملک کے ساتھ ہے، مریم باہر نہیں جائے گی، آپ کو جانا پڑے گا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی پرامن ریلی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ میں سنی سنائی باتیں نہیں کرتیں بلکہ وہ بات کرتی ہوں جس کا مصدقہ علم ہوتا ہے۔ خواہش ہے حکومت کے جانے کے بعد پی ڈی ایم کا اتحاد ایسا ہی رہے۔

انہوں نے کہا کہ اصل بات یہ ہے کہ عوام پر جو لوگ مسلط کیے جارہے ہیں، ہمیں عوام کا نمائندہ ہونے کی حیثیت سے ان کا راستہ روکنا ہے،عوام کے اندر بے چینی ہے اور وہ مہنگاہی سے تنگ ہیں۔ مہنگائی سے عوام کو چھٹکارا کون دے گا ؟ گوجرانوالہ مسلم لیگ ن کا شہر ہے وہاں کسی کو پنگا لینے کی ضرورت نہیں۔ 

مزیدخبریں