نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نظام تعلیم سے آراستہ کیا جائے، وزیراعظم عمران خان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ملک کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، ان کی صلاحیتوں سے استفادہ جدید علوم کے یکساں مواقع ہونے سے ہی ممکن ہے، اس لئے نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نظام تعلیم سے آراستہ کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم کی زیر صدارت تعلیم کے فروغ، ٹیکنالوجی کے استعمال اور سکلڈ ایجوکیشن سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر تعلیم شفقت محمود، سیکرٹری ایجوکیشن ڈاکٹر عطاالرحمان، سیکرٹری خارجہ، سیکرٹری آئی ٹی، چیئرمین این آئی ٹی بی سمیت چیئرمین نیو ٹیک اور نجی شعبے کے ماہرین نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر تعلیم نے وزارت تعلیم کی جانب سے نظام تعلیم میں اصلاحات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کورونا وبا کے دوران فاصلاتی تعلیم کے حوالے سے اقدامات کئے گئے،سکلز فار آل، ڈیجیٹل لٹریسی اور نالج اکانومی کے منصوبے شروع کئے گئے، پس ماندہ علاقوں میں سکول سے باہر بچوں کی تعلیم کے لیے اقدامات اٹھائے گئے۔
وزیر تعلیم نے کہا ہنرمند پاکستان پروگرام کے تحت 50 ہزار نوجوانوں کو تربیت دی گئی، ووکیشنل اداروں میں علم و ہنر کے حوالے سے قومی نصاب پر کام کیا گیا، وزارت تعلیم پاکستان ایجوکیشن پالیسی 2021 مرتب کر رہی ہے، ہم معیاری تعلیم کے حصول کے پیش نظر یکساں مواقع کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں۔ انھوں نے بریفنگ میں مزید کہا کہ روزگار کے مواقع سے مطابقت رکھنے والی تعلیم اور ہنر کی فراہمی پر توجہ دی جا رہی ہے۔
اجلاس میں وزیر اعظم نے تعلیم کے فروغ کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا، اور کہا تعلیم موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، مجوزہ ایجوکیشن پالیسی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے، صوبوں اور دیگرسٹیک ہولڈرز سے مل کر تعلیم کے فروغ کیلئے روڈ میپ تیار کیا جائے۔