(24نیوز)حاکمِ دبئی،متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے سیارہ مریخ کی سطح کی پہلی تصویر شئیر کی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ متحدہ عرب امارات کے خلائی مشن امید تحقیق نے بنا کر زمین پر بھیجی ہے۔
تفصیلا ت کے مطا بق شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ایک ٹویٹ میں لکھاکہ تاریخ میں عرب دنیا کے پہلے خلائی تحقیقی مشن نے یہ تصویر بنائی ہے اور یہ سرخ سیارے کی سطح سے 25 ہزار کلومیٹر کی بلندی سے بنائی گئی ہے۔متحدہ عرب امارات کا مریخ کو مسخر کرنے کے لیے بھیجا گیا مشن امیدِ تحقیق گذشتہ منگل کو کامیابی سے اس سیارے کے مدار میں داخل ہوگیاتھا۔یو اے ای سرخ سیارے پر پہنچنے والا پہلا عرب ملک ہے۔
دبئی میں واقع یو اے ای کے خلائی مرکز میں اس مشن کے کنٹرولروں کے مطابق امل (امید)نامی بغیرانسان خلائی گاڑی نے مریخ کے مدار تک پہنچنے کے لیے قریبا سات ماہ تک سفرطے کیا ہے اور اس نے 48 کروڑ کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا ہے۔یادرہے کہ امریکا ، چین اور متحدہ عرب امارات نے جولائی 2020 میں اپنے اپنے خلائی مشن مریخ کی جانب بھیجے تھے۔ان میں یو اے ای کا مشن سب سے پہلے مریخ پر پہنچنے میں کامیاب ہوا ہے۔وہ ان پانچ ممالک کی صف میں شامل ہوگیا ہے جن کے خلائی مشن مریخ پر پہنچ چکے ہیں ۔