ہائیکورٹ نے انتخابات کرانے کا حکم دیا، اس پر عمل کریں: سپریم کورٹ

Feb 15, 2023 | 11:26:AM

(24 نیوز) سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی پنجاب کے منحرف اراکین کی درخواستیں غیر موثر ہونے پر خارج کر دیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لاہور ہائیکورٹ نے انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے اس پر عمل کریں۔

سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی پنجاب کے منحرف اراکین کی ڈی سیٹ ہونے کیخلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اب تو پنجاب اسمبلی میں بحالی کی بات ہی ختم ہوگئی، الیکشن کمیشن کو پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کا حکم ہائیکورٹ نے دیا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا الیکشن کمیشن پنجاب میں انتخابات پر کیا کر رہا ہے ؟ جس پر ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے بتایا کہ گزشتہ روز گورنر پنجاب کے ساتھ الیکشن کمیشن حکام کا اجلاس ہوا، گورنر پنجاب نے لاہور ہائیکورٹ کے حکم کیخلاف قانونی راستہ اختیار کرنے کا کہا ہے۔

چیف جسٹس نے پوچھا کہ قانون راستہ گورنر نے لینا ہے یا الیکشن کمیشن نے ؟ اس پر ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے کہا کہ قانونی راستہ گورنر نے ہی لینا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر عمل کرے۔

جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کیلئے مشورے کیوں کر رہا ہے ؟ کیا آئین الیکشن کمیشن کو انتخابات سے پہلے گورنر سے مشاورت کا پابند کرتا ہے ؟ جس پر ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے اپنے حکم میں گورنر سے مشاورت کا بھی کہا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہائیکورٹ نے اگر یہ حکم دیا ہے تو اسی پر عمل کریں۔

سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے پر پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کی درخواستیں غیر موثر ہونے پر کیس نمٹا دیا۔

مزیدخبریں