پاکستان کی مقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے کی بستیوں کو قانونی حیثیت دینے کے اسرائیلی فیصلے کی مذمت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) پاکستان نے مقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے کے علاقے میں بستیوں کو قانونی حیثیت دینے کے اسرائیل کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مغربی کنارے کے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں نو بستیوں کو قانونی حیثیت دینے کے اسرائیل کے حالیہ فیصلے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ یہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ یہ اقدام فلسطینی عوام کے حقوق کو مزید پامال کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: بی بی سی کو بھارت میں کیوں ہراساں کیا جا رہا ہے؟
ترجمان نے کہا کہ غیرقانونی اور غیر منصفانہ اسرائیلی اقدام کشیدہ صورتحال کو مزید بگاڑ دے گا اور خطے میں امن کے امکانات کو نقصان پہنچائے گا۔ بین الاقوامی برادری کو اسرائیل کو ایسے حالات پیدا کرنے سے روکنے کیلئے زیادہ سے زیادہ کوششیں کرنی ہوں گی جو دو ریاستی حل کے حصول میں رکاوٹ بنیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام اور فلسطینی کاز کیلئے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور 1967ء سے پہلے کی سرحدوں پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتا ہے جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔