انتخابی عمل پاکستان کااندرونی معاملہ ، غیر ملکی نصیحتوں کی ضرورت نہیں ، دفتر خارجہ

Feb 15, 2024 | 14:43:PM

(24 نیوز ) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز  زہرا بلوچ  کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انتخابی عمل پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، الیکشن سے متعلق غیر ملکی نصیحتوں کی ضرورت نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عام انتخابات میں غیر ملکی مبصرین کو بھی دعوت دی گئی تھی، ہم نے غیر ملکی مبصرین اور دولت مشترکہ مبصرین کا خیر مقدم کیا، پاکستان نے اپنا آئینی فرض سنجیدگی سے ادا کیا اور ہم اپنی آئینی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھاتے ہیں،پاکستان میں انتخابی عمل پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، الیکشن سے متعلق غیر ملکی نصیحتوں کی ضرورت نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا پاکستانیوں کو ملک کے سیاسی عمل پربات کا حق حاصل ہے اس پر ہم تبصرہ نہیں کریں گے،ہم رفح شہر میں اسرائیلی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں،  او آئی سی نے بھی اسرائیلی جارحیت پر تنبیہہ کی ہے اور  پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹرپر عملدر آمد سمیت فلسطینیوں کا قتل عام روکنےکا مطالبہ کرتا ہے،بھارتی فورسز نے 10 فروری کو جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے دفاتر  پر چھاپے مارے، جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے دفاترپر چھاپوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، پاکستان مسئلہ کشمیرکا حل کشمیریوں کی خواہشات اوریو این قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :عالمی مارکیٹ میں کوئلہ 3 سال کی کم ترین سطح پر چلا گیا

ممتاز  زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان کو خطے میں دہشت گرد عناصر کے سر اٹھانے پر تحفظات ہیں، افغان انتظامیہ سے پاکستان کےخلاف سرگرم دہشتگرد گروہوں پرکارروائی کا کہا ہے، ہمیں افغانستان میں دہشتگردوں کی پناہ گاہوں پر تشویش ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اپنی میڈیا بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا کہ پاکستان اور جمہوریہ ڈومینک کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہوگئے ہیں۔

مزیدخبریں