پی ٹی آئی وفد کی مولانا فضل الرحمان کے گھر آمد، انتخابی نتائج نہ ماننے پر اتفاق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(عثمان خان) پاکستان تحریک انصاف کے وفد کی مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر اُن کی ملاقات ہوئی جس میں ملک میں مبینہ انتخابی دھاندلی کیخلاف تحریک سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں جماعتوں نے انتخابی نتائج کو مسترد کردیا۔
پاکستان تحریک انصاف کا وفد اسد قیصر کی سربراہی میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچا، وفد میں عامر ڈوگر، بیرسٹر سیف اور فضل احمد شامل تھے۔
مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی وفد کا خیر مقدم کیا اور ملاقات شروع ہوئی جس میں حالیہ انتخابات اور سیاسی صورت حال پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی سمیت تحفظات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی وفد نے بانی چیئرمین کا پیغام مولانا فضل الرحمان تک پہنچایا اور مبینہ دھاندلی سمیت اپوزیشن میں بیٹھ کر ساتھ سیاسی جدوجہد کرنے کی دعوت بھی دی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی وفد نے مولانا فضل الرحمان سے گفتگو میں انتخابات میں حالیہ دھاندلی پر تشویش کا اظہار کیا۔ اسد قیصر نے کہا کہ انتخابات میں ملکی تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی ہے۔ اس پر فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمیں بھی اس انتخابات پر تحفظات ہیں۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ حکومت بنی یا اپوزیشن ہم ساتھ چلیں گے، عمر ایوب ہمارے وزیراعظم کے امیدوار ہے امید ہے آپ تعاون کریں گے، اپوزیشن بھی ملکر ساتھ کریں گے۔ مولانا فضل الرحمان نے پارٹی کی جنرل کونسل سے مشاورت تک وقت مانگ لیا۔
ملاقات کے بعد حافظ حمد اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں پارٹیوں کا اس بات پر اتفاق ہے کہ الیکشن صاف اور شفاف نہیں بلکہ دھاندلی زدہ ہے، اس سے ملک میں معاشی اور سیاسی استحکام نہیں آئے گا۔
Foes become friends: A PTI delegation is at Maulana Fazlur Rehman’s residence in Islamabad. The possibility of a new parliamentary alliance cannot be ruled out. pic.twitter.com/m7DnZAmnUP
— Roohan Ahmed (@Roohan_Ahmed) February 15, 2024
بیرسٹر سیف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی کا وفد مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کیلئے آیا اور ملکی صورتحال سمیت الیکشن میں ہونے والی مبینہ دھاندلی پر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کیخلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں سے رابطہ کریں جس پر آج ہم نے فضل الرحمان سے ملاقات کی کیونکہ جے یو آئی کو بھی الیکشن پر تحفظات ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے دونوں جماعتیں متفق ہیں، ہم انتخابی دھاندلی کیخلاف ہفتے کے روز ملک گیر احتجاج کریں گے اور یہ سلسلہ جاری رکھیں گے کیونکہ پاکستان کے عوام کا مینڈیٹ چھینا گیا ہے، اس کو قوم اور سیاسی جماعتیں تسلیم نہیں کرتیں۔
انہوں نے کہا کہ ’پی ٹی آئی مزید سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرے گی اور ہم مینڈیٹ واپس لینے تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے‘۔