ملک کے مختلف حصوں میں بارش، مزید بارشوں کی خوشخبری
معمول سے کم بارشوں کے باعث پنجاب میں خشک سالی الرٹ جاری،کراچی کے فضائی معیارمیں بہتری

Stay tuned with 24 News HD Android App

(اقصیٰ شیخ) ملک کے مختلف حصوں میں ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوارہوگیا،محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارش کی خوشخبری بھی سنا دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں فی الوقت موسم خشک اور نسبتاً سرد ہے،دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم 18 فروری منگل کو پاکستان میں داخل ہوگا اور 19 فروری بدھ کو لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارش کے امکانات ہیں۔
آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ زیادہ سے زیادہ 24 ڈگری تک جانے کے امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور،سرگودھا شہراورگردونواح میں ہلکی بارش اورٹھنڈی ہوائوں کےباعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
خیال رہے کہ معمول سے کم بارشیں ہونے کے باعث پنجاب میں خشک سالی الرٹ جاری کردیا گیاہے،چولستان کے اضلاع میں بھی ایمرجنسی سیل بنانے کے احکامات دے دئیے گئے ہیں۔
محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ پنجاب میں گزشتہ سال یکم ستمبر سے 15 جنوری 2025 تک 42 فیصد کم بارشیں ہوئی ہیں،پنجاب کے 14 اضلاع میں اس وقت خشک سالی کی کیفیت ہے،متاثرہ علاقوں میں پوٹھوہار،بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، بھکر، لیہ، خوشاب، مظفر گڑھ سمیت دیگر اضلاع شامل ہیں،پی ڈی ایم اے نے چولستان انتظامیہ کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایات دی ہیں۔
دوسری طرف کراچی میں صبح سویرے مطلع جزوی ابرآلوداورموسم خوشگوار ہے،شہر میں آج بھی دن کے اوقات میں گرمی کا راج برقرار رہے گا،اس وقت ہلکی دھند کے ساتھ خنکی محسوس کی جارہی ہے.
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اورزیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانےکا امکان ہے، شہر میں مغربی سمت سے 14 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہےہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ہے،آئندہ 24گھنٹوں کے دوران دن کے اوقات میں تیز دھوپ کے ساتھ رات میں موسم خشک رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز قلندر کے مزار پر زائرین سے لوٹ مار،وڈیو وائرل ہونےپر 12 اوقاف ملازمین معطل
اے کیو آئی کے مطابق شہرکا فضائی معیار بہتر ہے اوردنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی 49 جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں ساتویں نمبر پر موجود ہے،ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 81 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈکی گئی ہے ۔
آج اور کل (ہفتہ ، اتوار) شہر میں دھند چھانے کی وجہ سے حدنگاہ متاثر ہونے کے امکانات ظاہر کیے گئے تھے۔