لازوال نغموں کے خالق رشیدعطرے کی آج106ویں سالگرہ 

80سے زائد فلموں کی موسیقی ترتیب دی،گائے گی دُنیا گیت میرے انکی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت 

Feb 15, 2025 | 13:05:PM
لازوال نغموں کے خالق رشیدعطرے کی آج106ویں سالگرہ 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)برصغیرکے معروف موسیقاراورمتعدد لازوال دھنوں کے خالق رشید عطرے کی آج 106ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔

1919ءکوامرتسر کے ایک فنّی گھرانے میں پیدا ہونے والے رشید عطرے کا اصل نام عبدالرشید تھا،ان کے والدخوشی محمد بھی اپنے دور کے نامور موسیقاروں میں شمارہوتے تھے اور اپنے دور کے معروف ہارمونیم نواز تھے،رشیدعطرے بچپن ہی سے اپنے والد سے موسیقی کی تعلیم لیتے رہے پھر اپنے عہدکے عظیم گائیک اُستاد فیاض علی خان کے شاگرد ہوگئے۔

 رشید عطر ے نے فن موسیقی کا آغاز تقسیم ہند سے قبل بننے والی فلم”شیریں فرہاد“سے کیا تھا،قیام پاکستان سے قبل انہوں نے8 فلموں کی موسیقی ترتیب دی جن میں پھرملیں گے ، پاور ، نتیجہ، عید، مامتا ، پگلی،شیریں فرہاد اور کمرہ نمبر9 شامل تھیں۔

رشیدعطرے نے تقسیم ہندکے بعد بطورموسیقار فلم”بیلی“کی موسیقی ترتیب دی ، فلم”یاس“ کی ناکامی کے بعدوہ لاہورسے راولپنڈی چلے گئے جہاں ریڈیو پاکستان سے وابستہ ہوگئے تھے۔

1953ءمیں انہوں نے فلم ساز نذیر کی فلم ”شہری بابو“کی موسیقی ترتیب دی اور یہ فلم سپرہٹ ہوئی اور اس کے گانوں نے خوب دھوم مچائی جس کے بعد رشید عطرے کی کامیابی کے سفر کا آغاز ہوگیا۔

رشیدعطرے نے 80 سے زائد فلموں کی موسیقی ترتیب دی جن میں پنجابی اور بیشتر اردو فلمیں تھیں،”موسیقار“کے نام سے ایک ذاتی فلم بھی بنائی تھی جس کاایک گیت”گائے گی دُنیا گیت میرے“ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے وعدہ،سات لاکھ ،نیند، قیدی اور مکھڑا جیسی شاہکار فلموں کی موسیقی ترتیب دی اورتین نگار ایوارڈ اپنے نام کیے،ان کے ترتیب دیئے گئے مشہور نغمات کی ایک طویل فہرست ہے جن میں اس بے وفاکا شہرہے اورہم ہیں دوستو، گھونگھٹ نکالوں کہ گھونگھٹ اُٹھالوں، گائے گی دُنیا گیت میرے،آئے موسم رنگیلے سہانے،بھاگاں والیونام جپومولانام،جب تیرے شہرسے سے گزرتاہوں،اے مردمجاہدجاگ ذرا،مجھ سے پہلی سی محبت میرے محبوب نہ مانگ،دلاٹھہرجایاردانظارہ لین دے،لٹ الجھی سلجھاجارے بالم،سوبارچمن مہکاسوباربہارآئی  اوردیگر شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:معروف شاعرڈاکٹر آکاش انصاری کے گھرمیں شارٹ سرکٹ، جُھلس کرچل بسے

رشیدعطرے کے بیٹے وجاہت عطرے نے بھی فلمی موسیقی میں بہت نام کمایااورکئی لازوال دُھنیں ترتیب دیں۔ رشیدعطرے18دسمبر 1967ءکواس دنیائے فانی کو ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ گئے تھے۔