ماوراحسین نے"صنم تیری قسم"کی کامیابی شوہرامیرگیلانی کے نام کردی

Stay tuned with 24 News HD Android App

(ویب ڈیسک)حال ہی میں ساتھی اداکارامیرگیلانی کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے والی اداکارہ ماورا حسین نے اپنی بالی ووڈ فلم "صنم تیری قسم" کی دوبارہ ریلیز پر کامیابی کو اپنے شوہر امیر گیلانی کے نام کردیا۔
ماورا حسین کی 2016 میں ریلیز ہونے والی فلم "صنم تیری قسم" اس وقت بری طرح فلاپ ہوگئی تھی،رواں ماہ 7 فروری کو اس فلم کو دوبارہ ریلیز کیا گیا اور فلم نے چار دن ہی میں ریکارڈ کمائی کرکے خود کو سپر ہٹ فلموں کی فہرست میں شامل کرالیا۔
ماورا حسین نے اپنی فلم کی دوبارہ ریلیز سے دو دن قبل ہی 5 فروری کو امیر گیلانی سے نکاح کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا تھا۔
شادی اور فلم کی کامیابی کے بعد حال ہی میں ماورا حسین نے بھارتی صحافی کو یوٹیوب پر انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنی فلم کی کامیابی کا سہرا شوہرکے سرباندھتے ہوئے کہاکہ فلم "صنم تیری قسم" 9 سال قبل بنی اور ریلیز ہوئی لیکن وہ اس وقت کامیاب نہ ہوسکی۔
گزشتہ 9 سال میں ہر چیز موجود تھی، یعنی فلم بنی ہوئی تھی، اداکار، ہدایت کار اور وہ بھی وہیں تھیں لیکن فلم کی دوبارہ ریلیز کے بعد ان کی زندگی میں امیر گیلانی آئے اور فلم کامیاب ہوگئی۔
خوبرواداکارہ نے شوہر کو اپنے لیے خوش قسمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یقیناً ان کی فلم کی کامیابی میں ان کے شوہر کا ان کی زندگی میں آنا بھی ایک سبب ہے۔
اسی انٹرویو میں ماوراحسین نے دوبارہ بالی ووڈ میں کام کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ ضرور وہاں دوبارہ قسمت آزمائیں گی، کس منصوبے میں کس نے اور کیا کام کرنا ہے، یہ قسمت اور نصیب ہی طے کرتا ہے، اس لیے اگر ان کے نصیب میں ہوگا تو وہ ضرور بالی ووڈ میں دوبارہ بھی کام کریں گی۔