فواد چوہدری کاصلح ہونے کا دعویٰ شعیب شاہین نے جھوٹ قرار دیدیا

Feb 15, 2025 | 16:32:PM

(24 نیوز)سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے مارنے کے بعد صلح ہونے کا دعویٰ کر دیا جبکہ شعیب شاہین نے جھوٹ قرار دے دیا ہے۔

اڈیالہ جیل کے دروازے پر شعیب شاہین کو مکا مار کر گرانے والے فواد چوہدری نے صلح کر لی ہے،اڈیالہ جیل سے باہر آنے کے بعد فواد چوہدری نے کہا ہے کہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر شعیب شاہین سے صلح کر لی ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ خود ہی مکا مارا اور خود ہی صلح بھی کر لی؟،جس پر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جب مکا میں نے مارا تھا تو صلح بھی میں نے ہی کرنی تھی،فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شعیب شاہین نے دعویٰ کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے بھگوڑا کہا ہے، بانی پی ٹی آئی سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے۔

بیرسٹر شعیب شاہین کا کہنا ہے کہ فواد جھوٹ بول کر گیا ہے اس سے کوئی صلح نہیں ہوئی

دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما شعیب شاہین نے فواد چوہدری سے صلح کرنے سے انکار کر دیا ہے،اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو میں شعیب شاہین نے کہا ہے کہ ہمیں ان ٹاؤٹس سے کوئی صلح نہیں کرنی ہے،شعیب شاہین نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ انہوں نے فواد چوہدری کے حملے کا چار گنا جواب دے دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری بھگوڑا ہے، مجھے تھپڑ مارا اس سے زیادہ اس کو جواب مل گیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے اس جھگڑے کی مذمت کی ہے, میں فواد چوہدری کے خلاف شکایت پولیس کو نہ ہی پارٹی کو کروں گا، میں فواد چوہدری کو کبھی معاف نہیں کروں گا۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ فواد چوہدری کا ہماری پارٹی سے کوئی تعلق نہیں، وہ ہماری پارٹی میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ پلاننگ کرکے آیا تھا اس نے مجھ پر حملہ کیا ہے، میرا ان سے کوئی راضی نامہ نہیں ہوا۔

مزیدخبریں