(24نیوز)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ شو فلاپ ہوچکا،اپوزیشن اپنے کارکنوں کو تسلی دینے اور مایوسی ختم کرنے کیلئے جلسے منعقد کررہی ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے اندرونی انتشار سے ہم سب واقف ہیں، استعفوں کے معاملے پر اندرونی اختلافات ہمارے علم میں ہیں، مسلم لیگ (ن) کے اندر مختلف آراء ہم سے ڈھکی چھپی نہیں اور جے یو آئی کی قیادت میں اختلاف بھی سب کے سامنے ہے، اس وقت پی ڈی ایم کے اندر مایوسی پھیل چکی ہے اپنے کارکنوں کو تسلی دینے کیلئے وہ جلسے منعقد کر رہے ہیں تاکہ یہ مایوسی زیادہ نہ بڑھے ۔سپریم کورٹ دھرنے کے حوالے سے واضح موقف دےچکی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ بھی عوام الناس کو پیش آنے والی تکالیف کے باعث دھرنے کے حوالے سے اپنی رائے دے چکی ہے۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ ہم عرصہ دراز سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو دنیا بھر کے سامنے اجاگر کرتے چلے رہے ہیں آج وہی گونج برطانوی پارلیمنٹ میں سنائی دے رہی ہے۔،بھارت پراپیگنڈہ کررہا تھا کہ یہ ان کا اندرونی مسئلہ ہے لیکن برطانوی پارلیمنٹیرینز نے واضح کر دیا کہ یہ عالمی سطح پر متنازعہ مسئلہ ہے جس پر سلامتی کونسل کی بہت سی قراردادیں موجود ہیں، یہ بھارت کا اندرونی معاملہ ہرگز نہیں ہے۔ پاکستان کو بہت اطمینان ہوا ہے کہ جو باتیں ہم گذشتہ دو سال سے کہتے چلے آ رہے تھے آج دنیا ان کی تائید کر رہی ہے۔
وزیرخارجہ نے مزید کہا بھارت دنیا کو یہ تاثر دے رہا تھا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں حالات معمول پر آچکے ہیں لیکن برطانوی پارلیمنٹیرینز نے بھارت کے جھوٹے دعوؤں کی قلعی کھول دی، یہ امر کشمیریوں کیلئے حوصلہ افزائی کا باعثِ ہے اس آواز سے ہندوستان کا چہرہ مزید بے نقاب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں بھارتی فوجی کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہے ہیں، غیر جانبدار مبصرین کو مقبوضہ علاقوں تک رسائی نہیں دی جا رہی، بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں کو مقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت نہیں۔کشمیری نوجوانوں کو بلاجواز گرفتار کیا جا رہا ہے، ہزاروں کی تعداد میں کشمیری پابند سلاسل ہیں اور ان کی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی،خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات تواتر سے ہو رہے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ امریکا میں 20 جنوری سے جو بائیڈن انتظامیہ حکومتی امور سنبھال لے گی وہ اس خطے سے اور کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے واقف ہیں، ہمیں توقع ہے کہ وہ نہتے کشمیریوں کو بھارت کے فوجی محاصرے سے نجات دلانے کیلئے امریکی کانگریس میں آواز اٹھائیں گے۔