ٹیم میں دلیری ہونی چاہیے، مرغی کا دل لیکر کرکٹ نہیں کھیلی جاسکتی،شاہد آفریدی

Jan 15, 2021 | 15:08:PM

(24نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ مرغی کا دل لیکر انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلی جاسکتی،ٹیم کو دلیر ہونا چاہئے۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹرشاہد آفریدی نے کہا ہے کہ محمد عامر اور کوچز تنازع  پرانی روایت ہے۔میرے وقار یونس کے ساتھ اختلافات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ انہوں نے کہا کمہ یہ کوئی اچھی روایت نہیں ہے۔لاہور میں کشمیر کرکٹ لیگ کے آفیشل ترانہ کی لانچنگ تقریب  کے موقع پر میڈیا سے  گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ محمد عامر ہو یا کوئی بھی کھلاڑی پی سی بی کو اسے مستقبل سے آگاہ کرنا چاہیے تاکہ وہ ذہنی طور پر تیار ہوں کہ اگر میں نے پرفارم نہیں کیا تو باہر ہو جائوں گا۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کو چاہئے کہ کھلاڑی کو بلا کر معاملہ ختم کرے۔

نیوزی لینڈ میں شکست کے سوال پر انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ شکر ہےاس بار انہوں نےمعاملہ کورونا پر ڈالا عام طور پر تو فٹنس پر ڈالتے ہیں۔ مصباح الحق کے بارے میں سکول سطح کا بھی کوچ نہ ہونے کا بیان دئیے جانے پر شاہد آفریدی نے کہا کہ سابق کپتان کی پاکستان کیلئے بڑی خدمات ہیں لیکن ٹیم میں تھوڑی دلیری ہونا چاہیے، مرغی کا دل لیکر انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلی جاسکتی۔

مزیدخبریں