(24نیوز)نجی فرم کے مالک اور ٹک ٹاکر کاشف ضمیر نے ترک اداکار اینگن التان کے ساتھ ایک ملین ڈالر کا معاہدہ کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق اداکار شان نے ترک اداکار اینگن التان دزیاتن المعروف ارطغرل غازی کو پاکستان لانے والے ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کا جھوٹ بے نقاب کردیا۔ٹک ٹاکر کاشف ضمیر نے چند روز قبل اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پراداکار شان شاہد کے ساتھ تصویر شیئر کی تھی اور کیپشن میں لکھا تھا ’’رات پاکستان کے ایک سپر اسٹار شان بھائی نے مجھ سے ایک سوال پوچھا کہ کیا اپنے ملک کے اسٹارز کو چھوڑ کر دوسرے ملک کے اسٹارز کو اپنا (اپنی پروڈکٹس کا) برانڈ ایمبیسیڈر بنانا ٹھیک ہے؟ انہوں نے لوگوں سے سوال پوچھا کہ شان کے اس سوال پر میرا کیا جواب ہونا چاہئے تھا؟ ‘‘
ذرائع کے مطابق اداکار شان نے کاشف ضمیر کی اس پوسٹ پر فوراً ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان کا جھوٹ بے نقاب کردیا اور کہا ’’بھائی آپ غلط کہہ رہے ہیں۔ میں نے آپ سے ایسا کوئی سوال نہیں پوچھا۔ بلکہ آپ نے تصویر کھنچوانے کی درخواست کی تھی جو شفقت چیمہ صاحب کی وجہ سے میں نے اجازت دے دی تھی۔ ‘‘
واضح رہے کہ نجی فرم کے مالک اور ٹک ٹاکر کاشف ضمیر نے ترک اداکار اینگن التان کے ساتھ ایک ملین ڈالر کا معاہدہ کیا تھا اور اسی معاہدے کے تحت اینگن التان گزشتہ ماہ پاکستان کے شہر لاہور آئے تھے۔ تاہم ارطغرل کے واپس ترکی جانے کے بعد کاشف ضمیر کے فراڈ، چوری اور ڈکیتی سمیت 8 مقدمات میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا تھا اور کاشف ضمیر کو گرفتار بھی کیا گیاتھا۔ بعد ازاں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ اینگن التان نے کاشف ضمیر کے ساتھ ایک ملین ڈالر کا معاہدہ منسوخ کردیا ہے۔