سائفر کا ٹرائل لائیو ہونا چاہیئے، پتہ چلے کہ وفادار کون ہے اور بے وفا کون، شاہ محمود قریشی

Jan 15, 2024 | 18:02:PM

(حاشر وڑائچ) رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ’درخواست کرتا ہوں کہ سائفر کیس کے ٹرائل کو لائیو دکھایا جائے، سب کو پتہ چلے کہ ملک کا وفادار کون ہے اور بے وفا کون۔‘

اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیررسمی بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ سائفر کا کیس عالمی نوعیت کا کیس ہے، عالمی میڈیا سماعت سننے کیلئے آنا چاہتا ہے تو کیوں آنے نہیں دیا جا رہا، الزام ہے کہ ہم نے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات کو خراب کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر ہم قصوروار ہیں تو دنیا کو پتہ چلنا چاہیئے، عمران خان صرف شفاف انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں،’بلا‘ چلا گیا جس سے اس الیکشن کا جنازہ نکل گیا ہے۔ عمران خان کہتا ہے کہ آخری گیند تک لڑوں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں اگر ’لوٹا‘ بن جاتا تو آج منظور نظر ہوتا، ارینج اور انجینئرڈ الیکشن قبول نہیں کیے جائیں گے، خیبر پختونخواہ ہاؤس میں پارٹی الیکشنز کروائے گئے جسے تسلیم نہیں کیا گیا، اگر پارٹی انتخابات کو تسلیم نہیں کرنا تھا تو 6 ماہ تک فیصلہ کیوں لٹکایا گیا۔

یہ بھی پڑھیے: بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل سے چیف جسٹس پاکستان کیلئے اہم بیان جاری کردیا

   رہنما پی ٹی آئی کے مطابق ہم جیل کی کوٹھڑیوں میں ہیں پھر بھی ان کی ٹانگیں کانپی ہوئی ہیں، عامر کیانی عمران اسماعیل علی زیدی محمود مولوی تنویر الیاس جیل میں ملنے آئے، کہا گیا کہ عمران خان اور پی ٹی ائی کو چھوڑ دو، تحریک انصاف کا جھنڈا اٹھانا جرم نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو عمران خان کو باہر دیکھنا چاہتے ہیں وہ پی ٹی آئی کے نامزد امیدواروں کو ووٹ دیں، جیل میں عمران خان سے ملنے نہیں دیا جاتا، میں اور عمران خان قید تنہائی میں ہیں، تین روز قبل بہنوئی کا انتقال ہوا جنازہ تک پڑھنے نہیں دیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سیاست میں مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے جاتے، آئین کی پاسداری اور شفاف انتخابات کیلئے مذاکرات سے انکاری نہیں ہیں، ہمیں اندازہ ہو گیا تھا کہ ہمیں ’بلا‘ نہیں دیں گے، عدالتی فیصلوں کا احترام کرتے ہیں مگر مورخ کا قلم کوئی نہیں روک سکتا۔

مزیدخبریں