( ویب ڈیسک )بھارتی کرکٹ ٹیم کی پے در پے شکست کے بعد ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی کرسی خطرے میں پڑ گئی۔
گوتم گمبھیر نے گزشتہ سال جولائی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کا عہدہ سنبھالا اور تب سے بھارتی ٹیم 10 میں سے 6 ٹیسٹ میچز اور سری لنکا میں ایک ون ڈے سیریز ہار چکی ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں حیران کن وائٹ واش اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 1-3 سے شکست کے بعد جہاں ویرات کوہلی اور روہت شرما کا انٹرنیشنل کیریئر غیر یقینی کا شکار ہے وہیں ہیڈ کوچ گمبھیر کی پوزیشن بھی اب کچھ حد تک غیر مستحکم ہوگئی ہے۔
مزید پرھیں:جسپریت بمراہ آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ قرار
بھارتی میڈیا کے مطابق اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی میں اچھی کارکردگی نہیں دکھاتا تو ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی بحیثیت کوچ کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی کا گوتم گمبھیر سے معاہدہ 2027 ورلڈ کپ تک ہے لیکن حالیہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ان کی مشکلات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
بی سی سی آئی ذرائع نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بھارتی میڈیا کو بتایا ہے کہ اب تک گمبھیر نے کوئی ٹھوس نتائج نہیں دیے ہیں، اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی میں اچھا نہ کھیل پایا تو ہیڈ کوچ کی کارکردگی کا ایک بار پھر قریب سے جائزہ لے کر کوئی فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں:بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں اور اہلخانہ کیلئے بُری خبر، بھارتی بورڈ کا بڑا اعلان
ذرائع نے بتایا کہ گمبھیر کئی سالوں سے رائج سپر سٹار کلچر کو ختم کرنا چاہتے ہیں، وہ بھارتی ٹیم میں بھی سپر اسٹار کلچر کو ختم کرنے کے لیے آئے ہیں اور یہی چیز کچھ کھلاڑیوں کے لیے پریشانی کا باعث بنی ہے، خیال کیا جارہا ہے کہ گمبھیر اور سینیئر کھلاڑی ٹیم کلچر کے معاملے پر ایک پیج پر نہیں ہیں۔