وزیراعظم کا الیکٹرک گاڑیوں کیلئے چارجنگ سٹیشنز پر بجلی سستی کرنے کا اعلان

Jan 15, 2025 | 15:45:PM
وزیراعظم کا الیکٹرک گاڑیوں کیلئے چارجنگ سٹیشنز پر بجلی سستی کرنے کا اعلان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( 24  نیوز )وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کو فروغ دینے کے لیے چارجنگ  سٹیشنز کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 45 فیصد کمی کا اعلان کر دیا۔ 

وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں حکام پاور ڈویژن اور وفاقی وزر برائے توانائی کی جانب سے وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آلودگی کو کم کرنے کیلئے الیکٹرک وہیکلز جیسے اقدامات سود مند ہیں، اس سے ماحولیاتی آلودگی میں نمایاں کمی ہوگی۔

  الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ افزائی کے لیے چارجنگ اسٹیشن کے لیے بجلی کا نرخ 70 روپے یونٹ سے کم کر کے 40 روپے کیا جارہا ہے .  

 اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پر تشویش پائی جاتی ہے، روایتی ایندھن کی گاڑیوں کے بجائے ماحول دوست توانائی کی حامل الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دیکر آلودگی میں کمی لائی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت 70 روپے سے کم کر کے 40 روپے یونٹ کرنا خوش آئند ہے، 30 روپے کی کمی بہت قابل تعریف ہے، اس سے یقیناً سرمایہ کاروں کو حوصلہ ملے گا، اس کلچر کو تیزی سے فروغ دینا ہوگا۔

مزید پڑھیں:وزیرِ اعظم کی انسانی  سمگلنگ کا دھندہ کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی ہدایت

ان کا کہنا تھا کہ ماحول دوست منصوبے اس حوالے سے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، باکو میں کوپ 29 کے انعقاد کے دوران بھی دنیا کو درپیش کلائمیٹ چینج کے معاملے پر غور کیا گیا اور کئی اقدامات تجویز کئے گئے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی وزارت توانائی الیکٹرک وہیکلز کیلئے چارجنگ سٹیشنز کے منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھائے، الیکٹرک وہیکلز کو فروغ دیا جائے گا تو پاکستان کے خزانے پر امپورٹڈ ایندھن کی وجہ سے پڑنے والا زرمبادلہ کا دباؤ کم ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ مہنگی بجلی کی وجہ سے الیکٹرک وہیکلز کے کلچر کو فروغ دینا مشکل تھا، تاہم وزارت توانائی نے چارجنگ سٹیشنز کیلئے قیمتوں میں 45 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے، میں وزیر توانائی اویس لغاری اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔