(عثمان خان)وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے کہا ہےکہ سرکاری حج سکیم کے تحت 81 ہزار 500 عازمین حج نے اپنے حج اخراجات کی 2 اقساط میں مجموعی طور پر 48 ارب 90 کروڑ روپے جمع کر لیے ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق پہلی قسط میں عازمین سے 2 لاکھ روپے فی کس وصول کیے گئے جس سے وزارت مذہبی امور کو 16 ارب 30 کروڑ روپے حاصل ہوئے،اسی طرح دوسری قسط میں ہر عازم سے 4لاکھ روپے وصول کیے گئے جس سے 32 ارب 60 کروڑ روپے جمع ہوئے،دوسری قسط 27 دسمبر سے 2 جنوری تک مقامی بینکوں کے ذریعے وصول کی گئی۔
وزارت کے ذرائع نے بتایا کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت مجموعی طور پر تقریباً 100 ارب روپے جمع کرنے کا ہدف ہے، جس میں تیسری اور آخری قسط فروری کے دوسرے ہفتے میں وصول کی جائے گی۔
حج کے اخراجات کی اس تیسری اور آخری قسط کے وصول ہونے کے بعد، حج پیکج کی حتمی تعین کے بعد رہائش، ٹکٹ، ٹرانسپورٹ، خوراک اور دیگر امور کی تفصیلات حتمی شکل دے دی جائیں گی۔ وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور عازمین حج کے لئے سہولتیں فراہم کرنے کا عمل جاری ہے۔
قبل ازیں،پہلی قسط کی وصولی کے بعد عازمین حج کے لیے رہائش، ٹرانسپورٹ اور دیگر خدمات کے حوالے سے انتظامات کا عمل بھی تیز کر دیا گیا تھا، اور اب حج کی تیاریوں میں حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ عازمین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی کیلئے بھارت اپنا احتساب کرے، دفتر خارجہ کا بھارتی آرمی چیف کے بیان پر ردعمل