وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں کو تسلی بخش قراردیدیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ملک رحمان)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں کو تسلی بخش قراردیدیا،انہوں نے کہا ہے کہ اب تک جاری شدہ ترقیاتی فنڈز کے استعمال کی مجموعی شرح تسلی بخش ہے، اسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا بیسواں اجلاس ہوا ،اجلاس میں صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا،صوبائی کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اور متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس کو موجودہ کابینہ کے فیصلوں پر عمل درآمد کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ۔
وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ اب تک موجودہ کابینہ کے کل 19 اجلاس منعقد ہوئے جن میں 518 اہم فیصلے کئے گئے ہیں،ان میں سے 486 فیصلوں پر مکمل طور پر عمل درآمد کیا گیا ہے جو 95 فیصد بنتا ہے،7 فیصلوں پر عملدرآمد مقررہ ٹائم لائینز کے مطابق جاری ہے، 25 فیصلوں پر عمل درآمد تاخیر کا شکار ہے۔
وزیراعلیٰ نےکابینہ کے فیصلوں پر عمل درآمد کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ جن محکموں سے متعلق فیصلوں پر ابھی تک عمل درآمد نہیں ہوا، وہ محکمے اگلے اجلاس تک ان فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں،انتظامی محکمے جاری شدہ ترقیاتی فنڈز کے 100 فیصد استعمال یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں،اب تک جاری شدہ ترقیاتی فنڈز کے استعمال کی مجموعی شرح تسلی بخش ہے، اسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ کابینہ اراکین عوامی مسائل کے حل کے لئے اپنے متعلقہ ریجنز میں باقاعدگی سے دورے کریں،ان دوروں میں متعلقہ منتخب عوامی نمائندوں کو بھی مدعو کیا جائے،کابینہ اراکین اپنے اپنے محکموں کے پوٹنشیلز کو موثر انداز میں استعمال میں لانے کے لئے اقدامات اٹھائیں۔