چینی کمپنی نے اڑنے والی گاڑی متعارف کروا دی، قیمت بھی سامنے آگئی

Jan 15, 2025 | 23:25:PM

(ویب ڈیسک) اگلے سال سے اڑنے والی کاریں آسمان پر فراٹے بھرتی نظر آئیں گی، چینی کمپنی نے اڑنے والی کار متعارف کرا دی۔

رپورٹ کے مطابق ایرو ایچ ٹی لینڈ ایئر کرافٹ کیریئر کی مالک چینی کمپنی Xpengنے کہا ہے کہ اب 2026 میں اڑنے والی گاڑیوں کی فروخت شروع کردی جائے گی جس کی ممکنہ قیمت 2 لاکھ 20 ہزاریورو ہوگی۔

 عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گاڑی 2حصوں پر مشتمل ہے، ایک ایس یو وی سیکشن اور ایک ہلکا کواڈ کاپٹر جو عمودی طور پر ٹیک آف کر سکتا ہے اور ایک وقت میں آدھے گھنٹے سے زیادہ ہوا میں رہ سکتا ہے،ان فلائنگ کاروں کو بنانے کے لیے کمپنی نے سالانہ 10 ہزار یونٹ تیار کرنے کا پلانٹ قائم کیا یہ کار کچھ عرصے کے لیے خصوصی طور پر صرف چین میں فروخت کی جائے گی۔

خیال رہے  XPeng برانڈ کو ووکس ویگن برانڈ کی حمایت اور تکنیکی مدد حاصل ہے اور مارکیٹ میں اچھی ساکھ کی بدولت یہ پہلے ہی سی ای ایس 2025 جیسے بین الاقوامی ایونٹس میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر چکا ہےتاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر Xpeng Aero HT لینڈ ایئر کرافٹ کیریئر 2026 میں مارکیٹوں تک پہنچ بھی جائے تو قوانین اور ضابطوں سمیت کئی رکاوٹیں ہوں گی جو ’ اڑنے والی کار’ کو فروخت میں دشواریاں پیدا کرسکتی ہیں۔

واضح رہے اڑنے والی گاڑی کو چلانے کے لئے ضروری لائسنس، فلائنگ آورز کا تجربہ درکار ہوگا اور ساتھ ہی شہری علاقوں میں پرواز کرنے والی کاروں کے رستے میں حائل بلند عمارتوں سمیت دیگر رکاوٹوں کے مسائل بھی حل کرنا ہوں گے،اڑن کار کیلئے ہیلی کاپٹر جیسے اضافی حفاظتی اصول اور قواعد و ضوابط سے بھی لاگو کئے جاسکتے ہیں۔

یاد رہے ایرو ایچ ٹی لینڈ ایئر کرافٹ کیریئر، چینی مینوفیکچرر ایکس پینگ کی ذیلی کمپنی ایرو ایچ ٹی کی طرف سے نومبر 2024 میں چائنا انٹرنیشنل ایوی ایشن اینڈ ایرو اسپیس نمائش میں پیش کیا گیا تھا جس نے آٹوموبائل انڈسٹری کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں مزید مقامات پر سونے کے ذخائر کی موجودگی کا دعویٰ

مزیدخبریں