پیپلز پارٹی سندھ کا علی امین گنڈاپور کیخلاف احتجاج کا اعلان

Jul 15, 2021 | 22:03:PM
پیپلز پارٹی سندھ کا علی امین گنڈاپور کیخلاف احتجاج کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سندھ نے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کی جانب سے ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف بیان دینے کے خلاف 18 جولائی اتوار کو سندھ بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا۔ 
پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے 18 جولائی اتوار کے روز سندھ بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے کر کے بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما و کارکنان 18 جولائی اتوار کو سندھ بھر میں بھرپور احتجاج ریکارڈ کروا کر شہید ذوالفقار علی بھٹو کے متعلق بدزبانی کرنے والے علی امین گنڈاپور کو بھرپور جواب دیں گے۔
انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سرکار کا ٹولہ لیڈرشپ کے خلاف بد زبانی کرکے انتشار پیدا کر رہا ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت گالم گلوچ بریگیڈ ہے۔نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ کشمیر کی عوام پیسوں سے نہیں بکی تو گنڈا پور شہید بھٹو کے خلاف بدزبانی پر اتر آئے جس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان علی امین گنڈا پور کے شہید بھٹو کے متعلق بدزبانی کا نوٹس لے کر گنڈا پور کو وزارت سے فارغ کرے۔نثار کھوڑو نے یہ بھی کہا کہ اگر علی امین گنڈاپور کی شہید بھٹو کے متعلق بدزبانی کا نوٹس لے کر کاروائی نہیں کی گئی تو پھر پیپلز پارٹی کے کارکنان بھرپور جواب دینے کی ہمت رکھتے ہیں۔
پی پی پی سندھ کے صدر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے کبھی پارلیمنٹ کی توہین تو کبھی خواتین تو کبھی لیڈرشپ کے خلاف توہین آمیز باتیں عمران خان اور ان کے وزرا کا مائنڈ سیٹ ظاہر کرتی ہیں۔نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ ثابت ہوگیا کہ حکومت چلانا اور عوام کو ریلیف دینا پی ٹی آئی کی گالم گلوچ بریگیڈ والی حکومت کے بس کا کام نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جس تھالی میں کھاتی ہے اسی میں چھید کرتی ہے، یہ ان کا وتیرہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہیدبھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا جس آئین کے تحت پی ٹی آئی ایوانوں اور حکومت میں ہے مگر آئین دینے والے لیڈر کے متعلق بدزبانی کر کے اپنی اصلیت ظاہر کردی ہے۔انھوں نے پی ٹی آئی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ تبدیلی سرکار کے جھانسوں، جھوٹے وعدوں اور غلط پالیسیوں نے قوم کو منتشر کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی وفاقی سرکار نے بجلی، گیس، پیٹرول کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ اور عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم کرکے آمریت کی یاد تازہ کردی ہے۔نثار کھوڑو نے کہا کہ اب عوام آمر ضیا الحق کی طرح عمران خان اور اس کی حکومت کے جانے کیلئے دعائیں مانگ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا