لاہور اور گردونواح میں مسلسل بارش، نشیبی علاقے زیر آب آگئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) لاہور اور گردونواح میں مسلسل بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں مسلسل بارش سے شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا، نشیبی علاقے زیرآب آ گئے جس کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان کو موصول رپورٹ کے مطابق لاہور ائیرپورٹ ایریا میں زیادہ سے زیادہ 10.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، شہر کے تمام انڈرپاسز پر عملہ موجود ہے۔ کمشنر لاہور کی جانب سے جاری ہدایات میں ایم سی ایل افسران و سٹاف کو مضافاتی علاقوں میں خود موجود رہنے کا کہا گیا ہے۔
بارش سے لاہور میں بجلی کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہوا، بارش کے باعث لیسکو کے 40 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، دیگر فنی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
شاہدرہ میں بارش کے سبب چھت گرنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی، افسوسناک واقعہ شاہدرہ کے علاقہ فرخ آباد میں پیش آیا۔ خاتون کی شناخت ہانیہ کے نام سے ہوئی۔ گھر میں بزرگ میاں بیوی اور ان کی بیٹی رہائش پذیر تھی۔ شوہر نماز پڑھنے گیا تو چھت گر گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق مکان کی چھت گارڈر اور ٹی آر کی بنی تھی، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا۔
ادھر بہاولنگرا ور گردونواح میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، متعدد گھروں میں پانی داخل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ رحیم یار خان میں انڈرپاس دریا کا منظر پیش کرنے لگا، بارش کے باعث مختلف واقعات میں پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
منچن آباد میں پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا، پاکپتن شہر اور گردونواح میں بارش سے ہر طرف پانی پانی ہو گیا۔ فقیر والی میں تیز بارش کے بعد نشیبی علاقے ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے۔
ٹانک سرکل کنڈیاں میں سیلاب نے بنیادی ڈھانچہ تباہ کر کے رکھ دیا، تباہ کن سیلاب سرکل کنڈیاں کی سڑکیں بھی بہا لے گیا جس کے سبب متاثرین سیلاب کو مشکلات کا سامنا ہے۔