سپیکر نے استعفیٰ منظور کرلیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) سری لنکن پارلیمنٹ کے اسپیکر نے ملک سے فرار ہونے والے صدر گوٹابایا راجا پاکسے کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے، صدر کے استعفیٰ منظور ہوتے ہی کولمبو کی سڑکوں پر جشن شروع ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسپیکر پارلیمنٹ نے صدر کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے، ملک سے فرار ہو کر مالدیپ اور پھر سنگاپور پہنچنے والے سری لنکا کے سابق صدر گوٹابایا راجا پاکسے نے بیرون ملک سے اپنا استعفیٰ بھجوایا تھا۔
اسپیکر کی جانب سے گوٹابایا راجا پاکسے کا استعفیٰ منظور کئے جانے کے بعد لاکھوں کی تعداد میں عوام دارالحکومت کی سڑکوں پر نکل آئے اور بھرپور جشن منایا، مظاہرین کی بڑی تعداد سری لنکن پرچم تھامے ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ 73 سالہ گوٹابایا راجا پاکسے 9 جولائی کو مظاہرین کے ان کی رہائش گاہ پر قبضہ کرنے کے بعد روپوش ہوگئے تھے اور انہوں نے 13 جولائی کو مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا لیکن اس سے قبل ہی وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ مالدیپ فرار ہوگئے۔
صدر کے فرار کے بعد سری لنکن وزیراعظم رانیل وکرما سنگھے ملک کے قائمقام صدر بنے تاہم ملک میں بڑھتے عوامی احتجاج اور پرتشدد واقعات کے بعد انہیں بھی وزارت عظمیٰ کے منصب سے استعفیٰ دینا پڑا۔
یاد رہے کہ سری لنکا 1948 میں آزادی کے بعد اپنے بدترین معاشی بحران سے گزر رہا ہے اور بڑھتی افراط زر اور ملکی غیر مستحکم حالات کے باعث خوراک، ادویات، پٹرول سمیت دیگر اشیا عوام کی دسترس سے دور ہوگئے ہیں۔