(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر نوجوان کو معاشی خود مختاری کیلئے ہنر مند بنانا ہمارا ویژن ہے۔
ورلڈ یوتھ سکلز ڈے کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ورلڈ یوتھ سکلز ڈے پائیدار مستقبل کی تعمیر میں نوجوانوں کے اہم کردار کو سمجھنے کا دن ہے، ہنر مند نوجوان ہی ہماری سرمایہ کاری اور اثاثہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں ترقی کیلئے درکار مہارتوں سے روشناس کرانا چاہیے، پنجاب حکومت اپنے نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عالمی جاب مارکیٹ میں مسابقت کیلئے نوجوانوں کیلئے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ناگزیر ہے، چیف منسٹر سکلز ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کے تحت ٹیوٹا کورسز کیلئے طلبہ کی تعداد بتدریج 40 ہزار تک کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں مڈل ٹیک، میٹرک ٹیک اور انٹرمیڈیٹ ٹیک متعارف کرا رہے ہیں، پنجاب کے ہر نوجوان کو معاشی خود مختاری کیلئے ہنر مند بنانا ہمارا ویژن ہے۔