’ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا‘پی سی بی نے کرکٹ کے بچاؤ کیلئے بڑے فیصلے کرلئے
گروپنگ کرنے والے کھلاڑیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا،ڈسپلن کی خلاف ورزی پرکسی بھی کھلاڑی بارے میری سفارش بھی نہ مانی جائے:چیئرمین پی سی بی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(وسیم احمد) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نےکرکٹ اورٹیم کی بہترکارکردگی کیلئےبڑےفیصلے کرتے ہوئے ہر کھلاڑی کا ہر 3 ماہ بعد فٹنس ٹیسٹ لازمی قرار دیدیا۔
چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت 3 گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کھلاڑی کو لازما ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا ہوگی،ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے طریقہ کار کو سلیکشن کمیٹی حتمی شکل دیگی۔
اجلاس میں گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی کوبھی سلیکشن کمیٹی میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔سنٹرل کنٹریکٹ کی رقم فی الحال کم نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا،سنٹرل کنٹریکٹ کی مدت ایک سال کے لئے ہو گی۔کنٹریکٹ کھلاڑیوں کی پرفارمنس و فنٹس پر ہر سال جائزہ لیاجائیگا،کنٹریکٹ کی مختلف کیٹگریز میں کھلاڑیوں کی شمولیت وضع کردہ طریقہ کارکےتحت ہو گی جبکہ لیگز کھیلنے کیلئے این او سیز کے اجراء کا ٹیکنیکل طریقہ کار طےکیا جائے گا۔طریقہ کار پر پورا اترنےوالے کھلاڑیوں کو ہی این او سیز کا اجراء کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ فٹنس و پرفارمنس کےمعیارپرپورااترنیوالےکھلاڑیوں کوآگےآنے کاموقع ملےگا،معیار پر پورا نہ اترنے والے کھلاڑیوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہو گی۔
اجلاس کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنیوالے کھلاڑی کیخلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کےاندریونٹی اوراتفاق نظر آنا چاہیے،گروپنگ کرنے والے کھلاڑیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا، گروپنگ پر مینجمنٹ کو سخت ایکشن لینا چاہیے۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ڈسپلن کی پابندی نہ کرنیوالےکھلاڑیوں کی ٹیم میں جگہ نہیں ہو گی، ڈسپلن کی خلاف ورزی پرکسی بھی کھلاڑی بارے میری سفارش بھی نہ مانی جائے۔
اس موقع پر ہائی پرفارمنس سنٹرز کی اپ گریڈیشن اور کوچز کی ٹریننگ کا معیار بڑھانے کا پلان طلب کیا گیا۔اسلام آباد اور پشاور میں بھی ہائی پرفارمنس سنٹرز بنائے جائیں گے۔گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی اس ضمن میں حتمی رپورٹ پیش کریں گے۔
شاہینز اور انڈر 19 ٹیموں کیلئے الگ کوچز رکھنے،تسلسل کے ساتھ ٹورنامنٹس کرانے کا مکمل پروگرام مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں ویمنز کرکٹ ٹیم کوبہتر اورسنٹرل کنٹریکٹ پرنظرثانی بارے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سنٹرزکوٹاسک دیدیا گیا۔
ڈومیسٹک کنٹریکٹ کا جائزہ لینے کیلئے محمدیوسف ، اسد شفیق، عثمان واہلہ اور ندیم خان کو ذمہ داری دی گئی۔سکولز کرکٹ کے فروغ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت جبکہ ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ سے جامع پلان طلب کرلیاگیا۔
چئیرمین پی سی بی نے پچز کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے فوری کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نئے ٹیلنٹ پر سرمایہ کاری سے بہترین کھلاڑی سامنے آئیں گے، نئے کھلاڑیوں پر بھرپور سرمایہ کاری کریں گے۔گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی مکمل بااختیار ہیں، ان پر پورا اعتماد ہے،گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی کو فری ہینڈ دیا ہے،امید ہے کہ دونوں بہترین نتائج دیں گے۔
اجلاس میں کرکٹ کی بہتری کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ جبکہ ہائی پرفارمنس سنٹرز کی اپگریڈیشن، پاکستانی کوچز کا معیار بڑھانے بارےبھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔