کینیڈین وزیرِاعظم کی دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ میں اچانک آمد، "پنجابی آ گئے اوئے"
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بھارتی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ پر کافی عرصے سے مہربان قسمت کی دیوی نے ایک اور کروٹ لی ہے جس پر وہ پھولے نہیں سما رہے۔
دلجیت دوسانجھ کینیڈا میں اپنے ایک کنسرٹ کے دوران اس وقت حیران رہ گئے جب کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو ان سے ملنے پہنچ گئے,دلجیت دوسانجھ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جسٹن ٹروڈو کی آمد کی ویڈیو پوسٹ کی۔
اس ویڈیو میں کینڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو سفید رنگ کی ٹی شرٹ اور بھورے ٹراؤزرز میں دیکھا جا سکتا ہے وہ پیچھے سے سٹیج پر اس وقت پہنچتے ہیں جب دلجیت دوسانجھ سٹیج پر موجود ہیں اور ان کے ساتھ کچھ فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہوتے ہیں۔
جسٹن ٹروڈو دلجیت دوسانجھ کو گلے لگاتے ہیں اور دلجیت دوسانجھ اور ان کے ساتھ "پنجابی آ گئے اوئے" گاتے ہوئے ان کا استقبال کرتے ہیں اور انہیں مبارکباد بھی پیش کی۔
اس وقت دلجیت سنگھ ایک پیلی دھاری دار شرٹ اور سرخ پگڑی پہن رکھی ہے،کینڈین وزیراعظم گلوکار کی ٹیم سے بھی ملے۔
ویڈیو کے کیپشن میں عالمی سپر سٹار دلجیت دوسانجھ کا کہنا تھا کہ" ثقافتی ہم آہنگی کینیڈا کی طاقت ہے, کینیڈا کے روجرز سنٹر کے سولڈ آؤٹ پنجابی کنسرٹ کی دنیا بھر میں دھوم مچنے کے بعد کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اس تاریخ ساز لمحے کی مبارکباد دینے اچانک وینیو پر پہنچے پر مداح بھی حیران رہ گئے۔
گلوبل سپر سٹار کی جانب سے جاری ویڈیو پر مداح اپنے پسندیدہ گلوکار کی کامیابی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کمنٹ سیکشن میں دلجیت کا مشہور جملہ‘پنجابی آ گئے اوئے‘ کا کمنٹ کررہے ہیں۔
کینیڈین وزیرِاعظم کا اظہارِ خیال
دوسری جانب کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی سوشل میڈیا پر دلجیت کے ساتھ اپنی ملاقات کی تصویر پوسٹ کی۔
اپنی ایکس پوسٹ میں جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ "راجرز سینٹر میں دلجیت دوسانجھ کو ان کے شو سے پہلے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرنےکے لیے اچانک پہنچا۔دیکھنا چاہتا تھا کہ کینیڈا جیسے ملک میں پنجابی گانوں کے کانسرٹ کیلئے پورا روجرز سینٹر بُک کرنے والا لڑکا کون ہے جس نے تاریخ رقم کردی ‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ" کینیڈا ایک عظیم ملک ہے یہاں کی ثقافتی ہم آہنگی صرف ہماری طاقت نہیں ہے سپر پاور ہے"۔
کینیڈین وزیرِ اعظم کی جانب سے عزت افزائی پر گلوکار دلجیت دوسانجھ نے ایکس پر انہیں انتہائی خوش اسلوبی سے جواب دیتے ہوئے کہا ‘آپ کا بہت شکریہ ، آپ کا کنسرٹ کی تیاریوں کے دوران وینیو پر آنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔