(24 نیوز) صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ جی ڈی پی گروتھ ریٹ چار فیصد تک لے جانے کا ہدف ہے، ترقیاتی کاموں کیلئے پچھلے سال کی نسبت 66 فیصد زیادہ رقم مختص کی، 25 سے زائد سروسز کو رعایت دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں ترجیحات صحت، تعلیم، پبلک ورکس پروگرام ہیں، ترقیاتی منصوبوں کیلئے جولائی میں 100 ارب سے زائد فنڈز جاری کر دیں گے۔
ہاشم جواں بخت کا کہنا تھا کہ ہم نے بجٹ میں ہدف سے زیادہ رقوم مختص کیں۔ہماری جی ڈی پی گروتھ کا نمبر 3.94 ہے، امید ہے اس سال ہم جی ڈی پی گروتھ ریٹ 4 تک حاصل کریں گے۔ دنیا میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، پاکستان میں افرادزر کو کافی حد تک کنٹرول کیا گیا۔
وزیر خزانہ پنجاب نے کہا کہ افراط زر پر قابو پانے کیلئے پنجاب حکومت نے گندم کی قیمت میں اضافہ کیا، ہم نے آٹے کی قیمتوں کو برقرار رکھا، قیمتیں مستحکم رکھنے کیلئے پنجاب میں 360 ماڈل بازار بنائے، مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہے تو زراعت پر فوکس کرنا ہوگا، ہم فوڈ سکیورٹی کے حساب سے نیٹ امپورٹر بن گئے۔پنجاب نے اس مرتبہ 4 گنا زیادہ فنڈز زراعت کیلئے مختص کئے، ہم نے رواں سال زراعت کے شعبے میں ریکارڈ سبسڈی دی، مہنگائی پر قابو پانے کیلئے تیل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہونے دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے گیس صارفین کیلئے مراعات دیں، یونیورسل ہیلتھ انشورنس کوریج بجٹ کی ترجیحات میں شامل ہے، انصاف اپ گریڈیشن سکول کے تحت پرائمری سکولوں کو ایلیمنٹری کا درجہ دینے جا رہے ہیں، ساڑھے 8 ہزار سکولوں کو اپ گریڈ کرنا بجٹ ترجیحات میں شامل ہے۔ بجٹ میں 4 فلیگ شپ پروگرام رکھے گئے، آئندہ 2 سال میں مکمل کرنیوالی سکیموں کا بجٹ میں اعلان کیا، صوبوں کی سب سے بڑی ذمہ داری ہیومن ڈویلپمنٹ ہے، احساس پروگرام کیلئے رقم بڑھائی گئی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ مشکل معاشی صورتحال کے باوجود صوبائی محصولات میں نمایاں بہتری آئی اور ٹیکس وصولی مقررہ اہداف سے اوپر چلی گئی اور رواں سال صوبائی محصولات کے مقررہ ہدف 317 ارب کے مقابلے میں 359 ارب روپے اکھٹے کیے جائیں گے جبکہ اگلے آئندہ سال کا ہدف400 ارب روپے سے تجاوز کر جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا فوکس جدت لانے پر ہے جس کی بدولت محصولات میں اضافہ ہو گا۔ایک سوال کے جواب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے چھ ماہ میں صوبہ کی سو فیصد آبادی کو یونیورسل ہیلتھ انشونش میسر ہو گی جبکہ صوبہ میں انصاف اپ گریڈیشن پروگرام کے تحت 8500سے زائد پرائمری سکولوں کو ایلیمنٹری کا درجہ دے دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:قومی اسمبلی میں آج پھرہنگامہ،پی ٹی آئی رکن نے لیگی رہنما کو کتاب دے ماری۔۔ ایک دوسرے کو ننگی گالیاں