(24 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی کے کیس میں توہین عدالت کی درخواست پر سماعت 19 جون تک ملتوی کردی۔
دوران سماعت وکیل شیر افضل مروت نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جارہی ہے، شہریار آفریدی کو اسلام آباد میں متعلقہ عدالت کے روبرو پیش نہیں کیا گیا جبکہ انھیں اس سیل میں رکھا گیا جہاں ممتاز قادری کو رکھا گیا تھا۔
شیر افضل مروت نے بتایا کہ شہر یار آفریدی کے ایک بازو میں بھی تکلیف ہے، مناسب طبی سہولت فراہم نہیں کی جارہیں۔
یہ بھی پڑھیے: جھوٹے الزامات اور بدزبانی سے عمران خان حقیقت جھٹلا نہیں سکتے، ترجمان انٹی کرپشن
عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ سابق وزیر کی حوالگی کیلئے محکمہ داخلہ اور جیل سپرنٹنڈنٹ کو خط لکھا تھا جس کے باوجود شہریار آفریدی کی حوالگی نہیں دی گئی۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا، عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس معاملے پر مناسب حکم نامہ جاری کریں گے۔ کیس کی دوبارہ سماعت 19 جون تک ملتوی کردی گئی۔