(ویب ڈیسک) اگر تو آپ انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں تو گوگل کے بغیر گزارہ ممکن ہی نہیں۔ کروڑوں افراد روزانہ اس سرچ انجن کا استعمال کرتے ہیں مگر اس کے اندر کچھ چھپی چیزوں کو جان نہیں پاتے جن کا استعمال پرلطف تجربے سے کم نہیں ہوتا۔
اکثر یہ کمپنی خاص مواقعوں پر سرچ انجن میں دلچسپ ٹرکس چھپا دیتی ہے جس کا علم اکثر افراد کو نہیں ہوتا۔ایسا ہی گوگل نے ایک بار پھر کیا ہے اور ایک دلچسپ گیم اپنے سرچ انجن کا حصہ بنائی ہے جس کا بیشتر افراد کو علم ہی نہیں۔
اگر آپ گوگل پر Katamari لکھ کر سرچ کریں تو اس گیم کو کھیل سکتے ہیں جو بہت دلچسپ ہے۔
یہ بنیادی طور پر 2 دہائی پرانی گیم ہے جو اپنے زمانے میں بہت مقبول ہوئی تھی۔ اس گیم میں ایک بہت بڑی جادوئی گیند اردگرد گھومتے ہوئے ہر طرح کی اشیا کو اکٹھا کرتی ہے اور گوگل سرچ میں چھپی گیم میں بھی ایسا ہی ہوتا ہے۔ اس گیم کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پر گوگل سرچ انجن میں اسے شامل کیا گیا ہے۔
ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر گوگل پر Katamari کو سرچ کرنے پر دائیں جانب گوگل نالج باکس پر گیم کا آئیکون حرکت کرتا نظر آئے گا جس پر کلک کریں۔
اس کے بعد کی بورڈ کی ایرو کیز کی مدد سے گیند کو چاروں طرف گھمائیں تو وہ راستے میں آنے والے الفاظ اور ٹیب کو اپنے ساتھ کسی مقناطیس کی طرح چپکانے لگے گی۔ جیسے جیسے مواد اس سے چپکتا ہے، اسے اپنی مرضی سے کنٹرول کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔