وزیراعظم کا دورہ آذربائیجان، توانائی و تجارت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

Jun 15, 2023 | 16:33:PM

This browser does not support the video element.

(24 نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر کے مابین ملاقات میں شعبہ تجارت و توانائی سمیت دوطرفہ تعاون اور تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیاگیا ہے۔

   وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آذربائیجان کے درمیان ملاقات کے بعد باکو میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ صدر آذربائیجان کے وژن سے متاثر ہوں، دو طرفہ تعلقات کے فروغ کو اہمیت دیتے ہیں، آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، آذربائیجان سے تعلقات کے فروغ کو اہم سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ باکو سے اسلام آباد کیلئے پروازیں شروع ہورہی ہیں جبکہ آذربائیجان کے ساتھ باسمتی چاول کی تجارت بڑھائیں گے۔

وزیراعظم  نے کہا کہ روس یوکرین تنازع کے باعث عالمی سطح پر اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئیں، عالمی مہنگائی کی وجہ سے چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان توانائی بحران کا شکار ہے اس لیے پیٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے بھی تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: بھارت کی میانمار میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں معاونت

شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام 7 دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارتی بربریت کا شکار ہیں، آذربائیجان نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی تائید کی ہے، امید ہے جلد مقبوضہ وادی کے عوام کو حق خود ارادیت حاصل ہوگی۔

اس موقع پر صدر آذر بائیجان نے کہا کہ پاکستان سے باہمی تجارت میں اضافے پر اتفاق کیا ہے، دونوں ملکوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کےمواقع موجود ہیں، عوام کی بہتری کیلئے مل کر کام کریں گے، دفاعی صلاحیتوں کیلئے مشترکہ فوجی مشقوں میں اضافہ کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ تعلیم، دفاع اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی، دونوں ممالک کے درمیان پروازوں میں اضافہ کریں گے۔

روس کے بعد آزر بائیجان سے پاکستان کے لئے توانائی بحران کے خاتمے کے حوالے سے ایک اور بڑی خوشخبری آ گئی، آذربائیجان سے اگلے ماہ سے رعایتی ایل این جی کارگو پاکستان آنا شروع ہو جائیں گے. 

وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ چھ ماہ سے اس ڈیل پر کام کر رہے تھے، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد اس ڈیل پر باضابطہ عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔

آذربائیجان کی قومی ایل این جی کمپنی ہر ماہ رعایتی قیمت پر ایک این جی کارگو پاکستان بھجوائے گی۔

آذربائجان پاکستان کی تیل وگیس کے شعبے میں مدد کرے گا، پاکستان سٹیٹ آئل اور آذربائیجان کی کمپنی سوکار حکومت سے حکومت کی سطح پر پاکستان کی توانائی ضروریات پورا کرنے میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔

مزیدخبریں