برطانیہ نے جین میریٹ اوبی کو پاکستان میں نیا کمشنر مقرر کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)برطانیہ نے محترمہ جین میریٹ او بی ای کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے لیے اگلی برطانوی ہائی کمشنر کے طور پر تقرری کا اعلان کردیا۔
برطانوی سفارتخانہ کے مطابق پاکستان میں پہلی خاتون برطانوی ہائی کمشنر جین میرٹ جولائی کے وسط میں اپنا عہدہ سنبھالیں گی،جین میریٹ کینیا میں ستمبر 2019 سے جون 2023 تک بطور ہائی کمشنر فرائض انجام دے رہی تھیں، اس دوران انہوں نے برطانیہ اور کینیا کے مابین شراکت اور تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے نئی حکمتِ عملی واضح کی، انہوں نے باہمی خوشحالی، پائیدار ترقی، سلامتی و استحکام، دونوں ممالک کی عوام کے درمیان روابط اور موسمیاتی تغیر سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات کیے۔
جین کی زیرِ نگرانی کینیا اور خطے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں برطانیہ کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے پہلی بار کینیا میرین کمانڈو یونٹ بنانے کے لیے کینیا کو برطانوی تعاون پیش کیاگیا، انہوں نے نئے ماحول دوست صاف، سبز، پائیدار توانائی کے منصوبوں کا بھی آغاز کیا۔ جین نے ایک ہزار ہیکٹر سے زیادہ علاقے پر جنگلات کی کٹائی والی زمین کی بحالی کے لیے کوششیں کیں، ان کی قیادت میں برطانیہ نے تکنیکی صنعت میں کینیا کے متعلقہ افراد اور اداروں کے ساتھ شراکت میں صارفین کو ڈیجیٹل شمولیت، سائبر حفظانِ صحت، اور آن لائن مواد کی ریگولیشن کے بارے میں تربیت دینے کے لیے ایک" ڈیجیٹل ایکسیس پروگرام" قائم کیا ۔
جین نے برطانوی کیبنٹ آفس اور ہوم آفس میں ذمہ داریوں ادا کرنے کے بعد موضوعاتی اور علاقائی تجربات کے ساتھ 2001 میں برطانیہ کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس (آیف سی ڈی او) میں شمولیت اختیار کی۔ اس سے قبل جین ڈائریکٹر یوکے جوائنٹ انٹرنیشنل کاؤنٹر ٹیررزم یونٹ، جوائنٹ ایف سی ڈی او ڈائریکٹر برائے مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ، 2013 سے 2015 تک صنعاء یمن میں سفیر، تہران میں نائب اور قائم مقام سفیر، جبکہ افغانستان اور پاکستان کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ ہالبروک کی مشیر رہ چکی ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے عراق میں ایک اور افغانستان میں2 سفارتی تعیناتیوں کی مدت بھی کامیابی سے مکمل کی ہیں۔
پاکستان میں اپنی تعیناتی کے اعلان سے متعلق جین نے کہا کہ "میں پاکستان میں بطور برطانوی ہائی کمشنر تعیناتی پر ناقابل یقین حد تک پُرجوش ہوں ، ایک ایسا ملک جس کا مجھے پہلے دو مرتبہ دورہ کر کے خوشی ہوئی ہے، میں مختلف ثقافتوں سے مالا مال اس ملک کو اور بھی بہتر طریقے سے جاننے کی خواہش مند ہوں، پاکستان کے ساتھ برطانیہ کے تعلقات کی جڑیں مشترکہ تاریخ میں پیوست ہیں، ہمارے عوام سے عوام کے تعلقات ہمارے دونوں ممالک کو مشترکہ شراکت داری میں باندھتے ہیں اور میں انہیں مزید مضبوط کرنے کا ہدف لے کر آئی ہوں۔"