معمول سے زیادہ بارشوں کا خدشہ,محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

Jun 15, 2024 | 10:20:AM

(کومل اسلم،عائمہ خان)محکمہ موسمیات نے بحیرہ عرب کی نم ہوائیں ملک میں داخل ہونےکی پیشگوئی کرتے ہوئے  معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا۔

محکمہ موسمیات نے مون سون کی آؤٹ لک رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

بالائی پنجاب اورزیریں سندھ میں زیادہ بارشیں ہونے کی توقع ہے، بلوچستان میں معمول سے کچھ زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہری علاقوں میں مون سون بارشوں کی وجہ سے اربن فلڈنگ جبکہ ہندوکش، کوہ سلیمان اور کیرتھر کے پہاڑی سلسلوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے 18 جون سے بارشوں کی پیش گوئی کی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے نم ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے تحت 18 سے 22 جون کے دوران گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

16 سے 18 جون کے دوران کے پی میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، 18 جون سے 22 جون کے دوران چترال اور ایبٹ آباد میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

16سے 18 جون کے دوران بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا جبکہ 18 سے 22 جون کے درمیان اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات میں آندھی اور بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:دفعہ 144 نافذ ،جانوروں کی آلائشیں پھیلانے پر پابندی عائد

20سے 22 جون کے دوران بہاولپور، ملتان اور خانیوال میں آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے،17سے 20 جون تک سندھ کے بیشتر علاقوں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔

21 سے 22جون کے دوران سکھر اور جیکب آباد میں چند مقامات پر موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے،19سے 22 جون کے دوران شدید گرمی کی لہر میں کمی کا امکان ہے،محکمہ موسمیات کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو گرمی کی لہر کے دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  شہر لاہورمیں گرمی کی شدت ایک بار پھر سے بڑھنے لگی، محکمہ موسمیات کی جانب سے تا حال آئندہ 24گھنٹوں میں بارشوں کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیاگیا۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق  شہر کا موجودہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 36 فیصد ریکارڈ  کیا گیا ہے۔

ماہرین  نے آج ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر  اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

عالمی فضائی آلودگی کی درجہ بندی میں لاہورچوتھے نمبر پر  آ گیا ہےجبکہ شہر میں آلودگی کی شرح میں نمایاں کمی محسوس ہونے کے بائث ایئر کوالٹی انڈیکس 159ریکارڈ کی گئی ہے، سید مراتب علی روڈ 195 ،ٹھوکر نیاز بیگ پر آلودگی کی شرح 149 ریکارڈ کی گئی۔

کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کیساتھ آج مختلف علاقوں میں صبح سویرے بوندا باندی ہوئی، جس سے موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے ۔

مزیدخبریں