(24نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اصلاحاتی ایجنڈے کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، تمام وفاقی وزارتیں ان اصلاحات کے حوالے سے بھرپور تعاون کریں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی حکومت میں ادارہ جاتی اسٹریٹیجک اصلاحات کے حوالے سے اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا محور گورننس میں بہتری اور عوام کو بہترین سروسز کی فراہمی ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ تمام وفاقی وزارتیں ان اصلاحات کے حوالے سے بھرپور تعاون کریں، ان کا کہنا تھا کہ اصلاحاتی ایجنڈے کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس کو اسٹریٹجک ریفارمز روڈ میپ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ٹاسک مینیجمنٹ سسٹم کا نظام متعارف کروایا جا رہا ہے جس کا کام حتمی مراحل میں ہے ، وفاقی وزارتوں میں بین الاقوامی معیار کے ماہرین کی تعیناتی کے حوالے سے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے ، اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ وزارتوں اور دیگر وفاقی اداروں میں اہم عہدوں پر پروفیشنل افرادی قوت تعینات کی جائے گی،ہر وزارت سیکٹورل پلانز ترتیب دے گی،معاشی ترقی کی مقامی حکمت عملی ترتیب دینے کے حوالے سے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی، اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی وزارتوں کی کارکردگی کی جانچ کیلئےپرفارمینس انڈیکیٹرز ترتیب دئے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: استحکام کیلئے ضروری ہے فارم 45 کی بنیادپر حکومت سازی ہو ،جماعت اسلامی کا وزیراعظم کےخطاب پر ردعمل