امسال18 لاکھ سے زائد عازمین نے فریضہ حج ادا کیا، سعودی وزیر حج

Jun 15, 2024 | 23:54:PM

(ویب ڈیسک)سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربعیہ کا کہنا ہے کہ اس سال دنیا کے 2 سو ممالک سے آنے والے 18 لاکھ سے زائد عازمین نے فریضہ حج ادا کیا حج کااہم ترین دن وقوف عرفہ کامیابی سے ہمکنار ہوا ۔

سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربعیہ نے مزدلفہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مناسک حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کو کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے جس میں دنیا کے 2 سو ممالک کے 18 لاکھ 33 ہزار 164 افراد نے فریضہ حج ادا کیا اس برس مرد عازمین کا تناسب 52 فیصد جبکہ خواتین عازمین کی تعداد 48 فیصد تھی اس کے علاوہ اندرون ملک سے 2 لاکھ 21 ہزار 854 افراد نے حج ادا کیا ۔

سعودی وزیر حج و عمرہ کا کہنا تھا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت کے مطابق مناسک حج کو طے شدہ منصوبوں کے مطابق کامیابی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے اور ہماری اولین ترجیحات میں اللہ کے مہمانوں کو سہولیات سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ امن،سلامتی اور دیگر اہم امور کے حوالے سے اپنی عبادات کو انجام دے سکیں۔

مزیدخبریں