ضمانت منسوخی کی درخواست : لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کو نوٹس جاری کردیا

Mar 15, 2021 | 10:09:AM

(24نیوز)لاہور ہائیکورٹ  نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست کو باقاعدہ سماعت کے لئے مقرر  کرتے ہوئے لیگی رہنما کو نوٹس جاری کردیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے  جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں چودھری شوگر ملز کیس سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔نیب کی جانب سے خلیق الزماں اور فیصل بخاری  نے عدالت میں پیش ہوکر دلائل دئیے۔ وکیل نیب نے کہا کہ مریم نواز اپنی ضمانت کا غلط استعمال کر رہی ہیں، جس پر عدالت نے استفسار کیا مریم نواز نے ضمانت کا غلط استعمال کیا کیا ؟۔

وکیل نیب نے دلائل میں کہا کہ مریم نواز کو ضمانت کے بعد تفتیش کیلئے طلب کیا گیا، لیگی رہنما نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئیں، مریم نواز نے پیش ہونے کے بجائے نیب آفس پر پتھراؤ کرایا، نیب نے پتھراؤ کے معاملے پر مقدمہ بھی درج کرایا۔ عدالت نے نیب وکیل سے استفسار کیا آپ کن بنیادوں پر ضمانت خارج کرانا چاہتے ہیں ؟ نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر نے کیس فائل کیا وہ کیوں دلائل نہیں دے رہے، وکیل نے کہا کہ اس کیس کو میں دیکھ رہا، اس لیے دلائل دے رہا ہوں۔عدالت نے نیب کی درخواست پر مختصر سماعت کے بعد اسے باقاعدہ سماعت کے لئے مقررکر دیا اور مریم نواز کو 7 اپریل کےلئے نوٹس جاری کردیا۔

واضح رہے کہ مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست چیئرمین نیب نے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی تھی ۔درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا  کہ مریم نواز چوہدری شوگر ملز اور منی لارنڈرنگ کیسز میں لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت پر ہیں اور ضمانت پر رہائی کے بعد سے مسلسل ریاستی اداروں پر حملے کر رہی ہیں۔نیب کے مؤقف کے مطابق 2020 میں  مریم نواز چوہدری شوگر ملز کیس میں نہ ذاتی حیثیت میں پیش ہوئیں اور نہ ہی دستایزات طلبی کے نوٹس پر کوئی توجہ دی، وہ عوام کو تاثر دے رہی ہیں کہ ریاستی ادارے غیر فعال ہو چکے ہیں،استدعا ہےکہ مریم نواز کی ضمانت منسوخ کی جائے۔

مزیدخبریں