(24نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہےکہ جب تک حکومت گھر نہیں چلی جاتی اور عمران خان منطقی انجام تک نہیں پہنچتے، کوئی مجھے ٹرے میں رکھ کر بھی پاسپورٹ یا ٹکٹ دے تب بھی پاکستان سے باہر نہیں جاؤں گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نیب ایک انتقام کا ادارہ ہے، انہوں نے ہائیکورٹ میں جھوٹ بولا کہ میں تحقیقات میں تعاون نہیں کررہی، تین ماہ حراست میں رکھا اس میں کتابوں اور دعوتوں کا پوچھا گیا۔
لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ نیب حکم کا غلام ہے اور اسے مخالفین کو پکڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔ بیانات جانچنے کا اختیار نیب کو کس نے دیا، ہائیکورٹ میں کہا گیا کہ مریم نواز بیانات دے رہی ہیں ان کی ضمانت منسوخ کی جائے،
چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کے معامے پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا امیدوار کے خانے پر مہر لگتی ہے، چاہے امیدوار کے ناک پر لگے ماتھے پر یا چہرے پر لیکن لگی تو امیدوار پر ہے، یوسف رضا گیلانی کے نام پر مہریں لگی تھیں جس پر کہا گیا کہ 7 ووٹ درست نہیں۔جب ووٹ دینے والے کے عزائم پکے ہیں تو آپ کو کیا تکلیف ہے، امید ہے یہ معاملہ جب عدالت میں جائے گا تو گیلانی جیت جائیں گے۔
کورونا کے باعث ملک میں عائد پابندیوں کے سوال پر مریم نواز نے کہا کہ کورونا تب آتا ہے جب حکومت مشکل میں آتی ہے، کورونا اپوزیشن کے جلسوں میں آتا ہے لیکن حکومتی جلسوں میں نہیں آتا، عمران خان کورونا سے بڑا خطرہ ہے، کورونا کی تو ویکسی نیشن ہے اس سے وہ چلا جائے گا مگر عمران خان کی ویکسی نیشن یہی ہےکہ عوام انہیں اٹھاکر باہر پھینکیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نیب کرپشن پکڑنے کا ادارہ نہیں رہا بلکہ عمران خان کے مخالفین کو ہراساں کرنے کا ادارہ ہے کیونکہ عمران خان میدان میں مقابلہ نہیں کرسکتے، وہ میدان میں مقابلہ کریں، ہائیکورٹ اور نیب کے پیچھے چھپنا چھوڑ دیں۔ حکومت کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں اور آپ کے ہاتھ پاؤں پھولے ہوئے ہیں، لوگوں کو بے وقوف نہ بنائیں۔مریم نواز نے مزید کہا کہ اگر نیب کرپشن پکڑتی تو آٹا اور چینی چوروں کو پکڑتی، نیب حکم کا غلام ہے، انہیں مخالفین کو پکڑنےکا حکم دیا گیا ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک کٹھ پتلی ہے جو 22 کروڑ عوام پر مسلط کیا گیا اور اس کا نتیجہ پورے پاکستان نے دیکھ لیا، وہ عوام کے مجرم ہیں لہٰذا (ن) لیگ اور پی ڈی ایم حکومت کے ساتھ نہیں بیٹھے گی۔