ڈکیتی مزاحمت پر ماں بیٹی کا قتل، آئی جی پنجاب نے رپورٹ طلب کرلی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے لاہور کے علاقے صوئےآصل میں ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونیوالی ماں اور بیٹی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ کاہنہ پولیس کی جانب سے قتل کی ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ مقدمہ رکشہ ڈرائیور کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جو کہ مقتولہ کا شوہر اور بچی کا باپ ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق 14 مارچ کو رکشہ ڈرائیور ماں اور بیٹی کے ہمراہ ضلع قصور سے واپس آرہے تھے کہ کاہنہ کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکوؤں نے لوٹ مار کیلئے رکشے کو روکا اور ڈکیتی میں مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی۔ جس سے ماں اور بیٹی شدید زخمی ہو گئیں جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔ واقعہ پر آئی جی پنجاب نے سی سی پی اولاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔انہوں نےملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔