(24نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے کل (بدھ)ہونے والے سربراہی اجلاس میں آئندہ کالائحہ عمل طے کیا جائے گا،ملک بھر میں ضمنی انتخابات جیتنے سے ثابت ہو گیا ہے قوم نے سلیکٹڈ حکومت کو مسترد کر دیا ہے۔
کتھری فاریسٹ میں ایک لاکھ پودے لگانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاچیئرمین سینٹ کے انتخاب میں ہمارے امیدوار کامیاب ہوئے لیکن سندھ سے تعلق رکھنے والے پریذائڈنگ افسر نے ہمارے جائز ووٹ مسترد کر کے مخالف کو چیئرمین سینٹ کی سیٹ پر بٹھا دیا ہے، عدالت کا فیصلہ آئے گا تو پتہ چل جائے گا کہ کون جیتا ہے ۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ حیدرآباد میں پی ڈی ایم کے تاریخی جلسے کے بعد پی ڈی ایم کے امیدوار ملک بھر میں ضمنی انتخابات میں کامیاب ہوئے ، سندھ میں ہمارے امیدواروں کو بھاری اکثریت حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے سینٹ کے الیکشن کا بائیکاٹ کرنے کے بجائے اس میں حصہ لیا اور کامیابی کے قریب ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سندھ میں جنگلات پر اتنی توجہ نہیں دی جاتی رہی کونکہ سندھ کے پاس وسائل کم ہیں اس کے باوجود اتنا کام کیا ہے کہ ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم ایسے اقدامات کررہے ہیں کہ موسمی تبدیلیوں کا مقابلہ کیا جاسکے ، کتھڑی فاریسٹ میں ایک لاکھ درخت لگائے جارہے ہیں اس سے شہری علاقوں کو بھی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ خان صاحب کا دعوی ہے کہ ایک ارب درخت لگائیں گے ، سندھ حکومت نے پہلے ہی یہ کرکے دکھادیا ہے۔ سندھ حکومت نے ایک ارب سے زائد مینگروز لگائے ہیں ، دنیا بھر میں جس کی تعریف کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے فاریسٹ نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ توڑے ہیں، فاریسٹ ڈپارٹمنٹ کام کرتا ہے باتیں نہیں کرتا۔