(24نیوز)سیکریٹری خزانہ نے 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا اعتراف کرلیا جس پر وزیر خزانہ نے ہدایت کی ہے کہ اشیائے ضروریہ کے ذخائر، مارکیٹ میں فراہمی اور صارفین کے مفادات کو یقینی بنایا جائے۔
وزیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء ، مشیروں اور معاونین سمیت صوبائی چیف سیکرٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی، اجلاس میں ملک میں ضروری اشیاءکی قیمتوں کے رجحان کا جائزہ لیا گیا۔۔
سیکرٹری خزانہ نے نیشنل پرائس کمیٹی کو مہنگائی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.57فیصد کمی ہوئی جبکہ اشیائے ضروریہ میں سے 26 کی قیمتوں میں اضافہ اور 7 میں کمی ہوئی۔ وزارت صنعت و پیداوار کے حکام نے ملک میں چینی کی قیمتوں پر اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کل چینی اور گندم کی درآمد سے آئندہ ہفتوں میں قیمتوں میں کمی آئے گی، گھی اور خوردنی تیل کی دستیابی اور قیمتوں کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، رواں سال میں چینی کے مطلوبہ زخائر کے حصول کا عمل جاری ہے، رمضان المبارک میں 19 اشیاءپر سبسڈی دی جائے گی۔۔
سیکرٹری خوراک وزراعت نے بتایا کہ ملک بھر میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، روزانہ سپلائی بھی جاری ہے جس پر کمیٹی نے صوبوں میں آٹے کی ارزاں نرخوں پر طلب کے مطابق فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پنجاب اور سندھ میں چینی کی قیمتیں زائد ہیں جبکہ کمیٹی نے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ اس موقع پر وزیر خزانہ حفیظ شیخ نے ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ کے ذخائر، مارکیٹ میں فراہمی اور صارفین کے مفادات کو یقینی بنایا جائے۔
مہنگائی تو ہوئی۔۔حکومت کا اعتراف
Mar 15, 2021 | 19:06:PM