زمان پارک کے باہر جھڑپیں: پی ٹی آئی کارکنان کا پیٹرول بموں سے حملہ

Mar 15, 2023 | 08:02:AM

(ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونےکے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ گزشتہ روز سے زمان پارک پر موجود ہے جہاں اسے پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔

کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی اسلام آباد پولیس زمان پارک سے عمران خان کو اب تک گرفتار نہ کرسکی، زمان پارک کے اردگرد پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جس نے علاقے کو مکمل طور پر گھیر رکھا ہے جب کہ قصور، گوجرانوالا اور شیخوپورہ سے پولیس کی بھاری نفری بھی پہنچ گئی ہے، زمان پارک میں پنجاب رینجرز کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

زمان پارک میں پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کی جا رہی ہے، متعدد شیل عمران خان کی رہائش گاہ کے اندر بھی گرے ہیں، واٹر کینن کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے، پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پولیس اور رینجرز پر پتھراؤ کیا جا رہا ہے، پتھراؤ سے پولیس اہلکاروں سمیت رینجرز اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق پولیس اور کارکنوں کے درمیان جھڑپوں میں اب تک 64 افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد شہزاد بخاری بھی شامل ہیں، زخمیوں میں 54 پولیس اہلکار اور 8 شہری شامل ہیں، 51 پولیس اہلکار سروسز اسپتال اور 3 میو اسپتال میں لائے گئے ہیں۔

پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے پیٹرول بم بھی پھینکے جا رہے ہیں، زمان پارک کے قریب ٹرانسفارمر پھٹنے سے دھماکا ہوا ہے، ٹرانسفارمر مبینہ طور پر پیٹرول بم پھینکے جانے سے پھٹا ہے۔ پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے پولیس اہلکاروں اور بکتر بند پر بھی پیٹرول بم سے حملہ کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ خاتون جج کو دھمکانے اور توشہ خانہ کیس میں عدم پیشی پر اسلام آباد کی دو عدالتوں نے گزشتہ روز عمران خان کے علیحدہ علیحدہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ عمران خان گزشتہ روز طلبی کے باوجود سکیورٹی خدشات پر عدالت پیش نہ ہوئے تاہم انہوں نے لاہور میں پی ٹی آئی ریلی کی قیادت کی۔

 توشہ خانہ کیس میں عدم پیشی پر سیشن عدالت نے عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر کے 18 مارچ کو پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔

آج اسلام آباد کی عدالت نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں جاری عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری 16 مارچ تک معطل کر دیے۔

ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے پولیس کو 16 مارچ تک عمران خان کو گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے اور سماعت 16 مارچ تک ملتوی کر دی جب کہ توشہ خانہ کیس میں ان کا وارنٹ برقرار ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی درخواست پر آج ہی سماعت کی استدعا مسترد کی۔

عمران خان کی لیگل ٹیم اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچی تھی اور توشہ خانہ کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں وارنٹ منسوخ کرنے اور آج ہی سماعت کی استدعا کی گئی تھی تاہم رجسٹرار آفس نے عمران خان کی درخواست پر اعتراض عائد کر دیا۔ رجسٹرار آفس نے اعتراض کیا کہ عمران خان کا بائیومیٹرک نہیں کرایا گیا۔

ہائیکورٹ نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخی کی درخواست پر آج سماعت کی استدعا مسترد کر دی اور درخواست کل سماعت کیلئے مقرر کر دی۔ عمران خان کی درخواست پر کل رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت ہوگی اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کل سماعت کریں گے۔

مزیدخبریں