گرفتاری کا دعویٰ ڈرامہ، اصل مقصد اغوا اور قتل کرنا ہے: عمران خان

Mar 15, 2023 | 12:22:PM

  (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ گرفتاری کا دعویٰ ڈرامہ ہے اصل مقصد اغوا کرکے قتل کرنا ہے۔

پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ آنسو گیس سے لے کر واٹرکینن کا استعمال کرنے کے بعد اب یہ براہ راست فائرنگ کر رہے ہیں۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے گزشتہ شام ضمانتی بونڈ پر دستخط کیے تھے لیکن ڈی آئی جی نے اسے وصول کرنے سے انکار کردیا۔ ان کے مذموم مقاصد کے بارے میں کوئی شک اور شبہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیوٹرل ہونے کا دعویٰ کرنیوالے بتائیں کیا یہ آپ کا نیوٹرل ہونا ہے۔ رینجرز براہ راست نہتے مظاہرین اور ملک کی سب سے بڑی اور مقبول پارٹی کے رہنماؤں سے محاذ آرائی کر رہی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو غیر قانونی وارنٹ بھیجے جارہے ہیں۔ ان کے کیسز پہلے ہی عدالتوں میں ہیں۔  بدمعاشوں کی حکومت انہیں اغوا اور ممکنہ طور پر قتل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے ورکرز اور قیادت گزشتہ روز سے پولیس کی کارروائی کا نشانہ بن رہے ہیں۔ آج صبح ان کے خلاف آنسو گیس، کیمیکل والے پانی کی واٹر کینن، ربر کی گولیوں اور براہ راست فائرنگ کی جارہی ہے، اب رینجرز لوگوں سے براہ راست محاذ آرائی کر رہی ہے۔

مزیدخبریں