(24 نیوز ) سابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی ایک نہیں بلکہ دو دو آڈیو لیکس منظر عام پر آ گئی ہیں ۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی 2 آڈیو لیکس سامنے آ ئی ہیں ، ایک آڈیو میں انہیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے مخاطب ہوتے ہوئے سنا جا سکتا ہے جس میں مبینہ طور انکشاف کرتی ہیں کہ زمان پارک میں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے پولیس پر پیٹرول بم گرائے جا رہے ہیں ، جبکہ دوسری میں آڈیو وہ سابق وزیر داخلہ اعجاز شاہ سے محو گفتگو ہیں۔
سابق وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد اور سابق وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی مبینہ آڈیو میں دونوں رہنما عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کو لے کر گفتگو کررہے ہیں، مبینہ آڈیو میں یاسمین راشد نے اعجاز شاہ سے کہا کہ خان صاحب نے اس وقت کہا ہے کہ سارے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو فون کرو، اس پر اعجاز شاہ نے جواب دیا کہ ہم کر رہے ہیں، پھر یاسمین راشد نے عمران خان کی ہدایات سابق وزیر کو دیتے ہوئے بتایا کہ عمران خان کہہ رہے ہیں کہ بندے لےکرپہنچیں، یاسمین راشد کے مطابق عمران خان کہہ رہے ہیں ان کوکہو فوری پہنچیں جو نہیں پہنچے گا اسے میں ٹکٹ نہیں دوں گا، خان صاحب نے یہ بات ڈائریکلی کہی ہے۔
دوسری جانب یاسمین راشد نے اعجاز شاہ کے ساتھ آڈیو لیک کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں پارٹی کی صدرہوں کیا اپنے لوگوں کونہیں بلاوں گی، 23 گھنٹے ہوگئے ہیں ہمارے لوگ سڑکوں پرہیں ان پرشیلنگ اورتشدد کیا جارہا ہے۔