سابق امریکی نمائندہ برائے افغانستان کے گمراہ کن بیان کے بعد پاکستان کا ردعمل بھی آ گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )سابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کا پاکستان کے داخلی امور بارے گمراہ کن بیان کے بعد پاکستان کا بھی سخت ردعمل آ گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے سابق امریکی نمائندہ خصوصی کی ہرزہ سرائی پر شدید ردعمل جاری کیا گیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کسی لیکچر یا مشورے کی ضرورت نہیں، پاکستان بطور پرعزم قوم موجودہ مشکل صورتحال سے مضبوط بن کر نکلے گی۔
واضح رہے زلمے خلیل زاد نے گزشتہ روز اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا تھا پاکستان کو اس وقت سیاسی، معاشی اور سلامتی سمیت 3 طرح کے بحرانوں کا سامنا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بے پناہ صلاحیت کے باوجود پاکستان اس طرح سے ترقی نہیں کر رہا جس طرح اسے کرنی چاہئے اور اپنے دیرینہ حریف بھارت سے بہت پیچھے ہے، اب غور وفکر، وسیع پیمانے پر دلیرانہ سوچ اور حکمت عملی مرتب کرنے کا وقت آگیا ہے۔
زلمے خلیل زاد نے مزید کہا کہ ملکی رہنماؤں کو مسلسل جیلوں میں ڈالا جانا، سزاؤں اور قاتلانہ حملوں کا نشانہ بنایا جانا ایک غلط روایت ہے۔ عمران خان کی گرفتاری بحران کو مزید شدید کر دے گی، ملک میں سنگین صورتحال سے بچنے کیلئے جون کے آغاز میں قومی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔