(راؤ دلشاد)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت زراعت سے متعلق خصوصی اجلاس میں کاشتکاروں کے لیے کسان کارڈ کے اجرا کی تجویز سامنے آ گئی ۔
تفصیلات کے مطابق اعلیٰ سطحی اجلاس میں گندم سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کاشتکاروں بھائیوں کے ساتھ ہے، تنہا نہیں چھوڑیں گے ،گندم کے کاشتکاروں کی معاونت کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں، مسلم لیگ ن کا منشور کاشتکاروں کی فلاح وبہبود ہے،عام آدمی کے مسائل کا بھی احساس ہے، سستا آٹا دینا چاہتے ہیں۔
مریم نواز کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گندم پر سبسڈی سے ماضی میں حکومت کو 630 ارب روپے گردشی قرض کا بوجھ اٹھانا پڑا،گردشی قرضے پر سالانہ 80 ارب روپے مارک اپ ادا کرنا پڑا ،حکومت پنجاب نے 8 ماہ میں 469 ارب روپے قرض ادا کر دیا ہے، اجلاس میں سوشل پروٹیکشن اور ٹارگیٹڈ سبسڈی کی تجویز کا جائزہ لیا گیا ، کاشتکاروں کو کھاد اور زرعی ادویات کی بلاتعطل فراہمی اور زرعی اجناس کی پیداور میں اضافے پر غوروخوض کیا گیا۔
صوبائی وزرا بلال یسین، عظمی بخاری، عاشق کرمانی،صوبائی مشیر پرویز رشید، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی،ایس ایم بی آر،سیکرٹریز خوراک، زراعت، خزانہ، چیئرمین پی آئی ٹی بی اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔
یہ بھی پڑھیں: چین کا پاکستانی عوام کو سرپرائز