ڈاکٹر ذاکرنائیک کی اشاعت اسلام کیلئے خدمات عصر حاضر کا روشن باب:پروفیسرالفرید ظفر
اسلام کے بارے میں غیرمسلموں کو آگاہی دینا سب سے بڑا چیلنج،معروف مذہبی سکالر سے گفتگو

Stay tuned with 24 News HD Android App

(ویب ڈیسک)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمدالفرید ظفر نے کہا ہے کہ معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے تبلیغ دین اور اشاعت اسلام میں نمایاں کردار ادا کیا ہے بالخصوص نئی نسل ڈاکٹر ذاکر نائیک کے خیالات اور نظریات سے متاثرہوئی ہے،اسلام کو پوری دنیا میں پھیلانے اور دین کی صحیح روح کی پہچان میں نئی تاریخ رقم کی ہے اور ڈاکٹر ذاکر نائیک کی دین کے حوالے سے خدمات روشن باب ہیں۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ساتھ خصوصی نشست کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر الفرید ظفر نےکہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کی خدمات نے دنیا بھر میں مسلمانوں اور غیر مسلموں میں اسلام کے بارے میں آگاہی بڑھائی اور اس بات کو واضح کیا ہے کہ اسلام ایک مکمل اور متوازن دین ہے جو انسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے بہترین رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
ڈاکٹرذاکر نائیک نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے اس امر پر زور دیاکہ ماہِ صیام کے مبارک دنوں میں مذہبی ماحول کا خیال رکھتے ہوئے علمائے کرام کودین کی صحیح تعلیمات کی نشرواشاعت کا کام مزید تیز کر دینا چاہیے، آج کے دورمیں سب سے بڑا چیلنج دین اسلام کے بارے میں غیر مسلموں کو آگاہی اور معلومات فراہم کرنا ہے،اگر یہ کام بین الاقوامی سطح پر پوری تنظیم اور منصوبہ بندی سے کیا جائے تو اس سے بڑھ کر اسلام کی کوئی اور خدمت نہیں ہو سکتی۔
پرنسپل لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر الفرید ظفر کامزید کہنا تھا کہ اسلام پوری انسانیت کی بھلائی اور اجتماعی ترقی کا پیغام بر مذہب ہے اور یہ واحد دین ہے جو ذات پات اور رنگ و نسل سے بالا تر ہو کر ہر انسان کی دنیاوی و اخروی کامیابی کی نوید دیتا ہے، خصوصاً دکھی انسانیت اورمجبور و بے بس لوگوں کی بحالی اور مدد کرنا اسلام کی بنیادی تعلیمات کاحصہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ انتظامیہ کی پاکستان سمیت 41 ممالک پر سفری پابندیوں کی تجویز
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک لوگوں کی مذہبی و روحانی بنیادوں پر رہنمائی کرتے ہیں جبکہ دین اسلام کی ان روشن تعلیمات کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ہیلتھ پروفیشنلز ہسپتالوں میں مریضوں کو طبی امداد دے کر قیمتی جانیں بچانے کا فریضہ سر انجام دیتے ہیں،اس لحاظ سے ہیلتھ پروفیشنلز اور ڈاکٹر ذاکر نائیک ایک ہی محاذ پر انسانی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔علی معین بھی اس موقع پرموجود تھے۔