فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے آگاہی سیمینار کا انعقاد

Stay tuned with 24 News HD Android App

(24 نیوز) فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے بطور چیف گیسٹ شرکت کی،وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے معزز مہمانوں کو فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے شعبہ طب میں خواتین کے کردار پر روشنی ڈالی۔
تفصیلات کے مطابق فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا،وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے بطور چیف گیسٹ شرکت کی۔ وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے بطور سرپرست اعلیٰ شرکت کی۔پنجاب اسمبلی کے پارلیمنٹیرینز جس میں چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی اسپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ محترم عدنان افضل چٹھہ ، پارلیمانی سیکرٹری ہیلتھ محترمہ رشدہ لودھی، محترمہ سونیہ عاشر (ایم پی اے)، محترمہ سمبل ملک (ایم پی اے)، اور محترم شہباز کھوکھر (ایم پی اے) نے بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی۔وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نےفیکلٹی کے ہمراہ معزز مہمانوں کا پُرتپاک استقبال کیا۔ سیمینار سے قبل اجلاس منعقد ہوا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے یونیورسٹی کی حالیہ کارکردگی، رینکنگ اور کامیابیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ سیمینار کا آغاز تلاوت کلام پاک اور قومی ترانے سے ہوا۔ سیمینار کا تھیم تھا " تمام خواتین اور لڑکیوں کے لیے: حقوق۔ مساوات۔ بااختیار بنانا" ڈاکٹر نور آمنہ ملک، مینیجنگ ڈائریکٹر، نیشنل اکیڈمی آف ہائیر ایجوکیشن، ایچ ای سی نے بذریعہ آن لائن شرکت کی اور صنفی مساوات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے شعبہ طب میں خواتین کے کردار پر روشنی ڈالی اور ان کے خدمات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر دن خواتین کا دن ہے۔ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی وومن ایمپاورمنٹ کی بہترین مثال ہے۔ خواتین کو جو حقوق دینِ اسلام نے دیے ہیں وہ کسی اور مذہب نے نہیں دیے۔ اسلام میں عورت کا اعلیٰ مقام ہے۔ عورت ماں بہن بیوی بیٹی ہر روپ میں عظیم ترین حیثیت و مرتبہ رکھتی ہے ۔اللہ تعالیٰ نے ماں کے قدموں تلے جنت رکھی جبکہ بیٹی کو رحمت بنا کر بھیجا۔اُنہوں نے وزیر صحت کے توسط سے وزیر اعلیٰ پنجاب سے جیمنیزیم اور سوئمنگ پول کے افتتاح اور ایف جے ایم یو میں نئے آڈیٹوریم کی تعمیر کی خصوصی درخواست بھی کی۔اپنی تقریر کا اختتام ان اشعار سے کیا "تیری ہستی ہے زمانے کے لیے مشعل راہ، تیرا ہر روپ وفا، عزت و ناموس بقاء"
سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے پارلیمنٹرین شہباز کھوکھر کا کہنا تھا کہ بیٹیاں رحمت ہیں اور مائیں اور بیٹیاں گھر کو جنت بنا دیتی ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ مریم نواز کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ممبر پارلیمنٹ محترمہ سمبل ملک کا کہنا تھا کہ ہر دن خواتین کا دن ہے اور اللّٰہ تعالیٰ نے عورت کو ہر حق سے نوازا ہے اور ہمیں سیرت حضرت فاطمہ زہرہ (رضی اللہ عنہ)پڑھنی چاہیے۔ممبر پارلیمنٹ سونیہ عاشر کا کہنا تھا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وومن ایمپاورمنٹ کی بہترین مثال قائم کیں۔پارلیمانی سیکرٹری ہیلتھ رشده لودھی نے مریم نواز اور خواجہ سلمان رفیق کو خراج تحسین پیش کیا۔اُن کا کہنا تھا کہ ہر کامیاب عورت کو کے پیچھے بھی ایک مرد کاسہارا ہوتا ہے۔ اللّٰہ تعالیٰ نے عورت کو بااختیار بنایا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے پہلے خطاب میں اعلان کیا تھا کہ خواتین میری ریڈ لائن ہیں اور اس کا عملی نمونہ بھی پیش کیا۔ آج کا دن اُن خواتین کو نام ہے ہو جو ملک و قوم کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔
چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی اسپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ عدنان افضل چٹھہ کا کہنا تھا کہ خواتین ہمارے ملک کا بہت بڑا اثاثہ ہیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے اس ملک کی بنیاد اپنی بہن محترمہ فاطمہ جناح کی مدد سے رکھی۔ پاکستان ڈاکٹرز پوری دنیا میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ ہمیں نئے چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے اور جدید ٹیکنالوجی کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خواتین کے لیے خصوصی طور پر ای کامرس، آئی ٹی اور مختلف شعبوں میں کورسز کا آغاز کروایا ہے۔ میری دعا ہے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی طالبات پوری دنیا میں اس ملک کا نام روشن کریں۔
وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے پروفیسر خالد گوندل کا شکریہ ادا کیا۔ اُنہوں نے خواتین کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے صنفی مساوات کی اہمیت پر زور دیا۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام کی روشنی ہے جس نے خواتین کو عزت سے نوازا۔ دنیا کا کوئی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک کہ قوم کے مردوں کے ساتھ خواتین بھی ملکی ترقی میں شانہ بشانہ حصہ نہ لیں۔ ایک متوازن معاشرہ ہی ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ محترمہ بینظیر بھٹو بھی ایک بہت عظیم خاتون تھیں۔ آج کا پیغام ہے تمام مرد خواتین کو عزت دیں۔ہم اپنے ڈاکٹرز اور نرسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
اس موقع پر سابقہ وائس چانسلرز پروفیسر شیریں خاور، پروفیسر شمسہ ہمایوں، سابق پرنسپل پروفیسر نورین اکمل، ڈینز پروفیسر منزہ اقبال، پروفیسر منیزہ قیوم، پرنسپل پروفیسر عبدالحمید، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محمد ندیم،چیئرپرسن میڈیسن/ ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل پروفیسر بلقیس شبّیر، صدر میڈیکل وومن ایسوسی ایشن آف پاکستان ڈاکٹر وجیہہ رضوان، خواتین فیکلٹی ممبران اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
سیمینار کے اختتام پر پرنسپل پروفیسر عبدالحمید نے شکریہ کے کلمات ادا کیے۔ چیف گیسٹ خواجہ سلمان رفیق کو اعزازی سوونیئر پیش کیا گیا اور پارلیمنٹرینز کو ہسٹری بک پیش کی گئیں اور آگاہی واک کا اہتمام بھی کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور،اڑھائی ماہ کے دوران27 افراد کی خودکشی،مختلف وجوہات پر موت کو گلے لگا لیا