(24 نیوز) بھارت میں شدید کورونا بحران کے درمیان آکسیجن ، ویکسین اور ادویات کی کمی پر کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر خوب طنز کے تیر برسائے ہوئے کہا ہے کہ ویکسین ، آکسیجن اور ادویات کے ساتھ وزیراعظم بھی غائب ہیں ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پریانکا گاندھی نے اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ پر تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ اس وبا کے خلاف لڑائی غائب ہوکر نہیں بلکہ پوری تیاری کے ساتھ آکر جیتی جا سکتی ہے۔ راہول گاندھی نےمودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین ، آکسیجن اور ادویات کے ساتھ وزیراعظم بھی غائب ہیں۔ منظر عام پر ہیں تو صرف سنٹرل وسٹا ، ادویات پر جی ایس ٹی اور یہاں وہاں وزیر اعظم کی تصاویر۔
پریانکا گاندھی نے یوپی میں کورونا ٹیسٹ کم ہونے پر یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ میں یوپی حکومت کا حلف نامہ ریاست میں کورونا سے لڑنے کی اصل کہانی بیان کرتا ہے ۔ کورونا ٹیسٹ کم ہورہے ہیں۔ ایمبولینس کا انتظام صحیح نہیں ہے ۔ آکسیجن اور دوائی سے متعلق کوئی جانکاری نہیں ہے ۔ حکومت کو یہ احساس کب ہوگا کہ کورونا سے لڑائی جھوٹ سے نہیں بلکہ زیادہ ٹیسٹنگ سے لڑی جاسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کرینہ کپور پھوٹ پھوٹ کر رو پڑیں ۔۔۔ ویڈیو وائرل