(24نیوز) حکومت نے کورونا کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے عید پر لگائے گئے ملک گیر لاک ڈاﺅن ختم کرنے کا اعلان کر دیا اور ایس اوپیز جاری کر دیئے ہیں۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں عید کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے عید تعطیلات میں ایس او پیز پر عملدرآمد سے متعلق اطمینان کا اظہار کیا۔
عوام کی سہولت اور عید پر آبائی علاقوں کو گئے لوگوں کی واپسی کیلئے ٹرانسپورٹ پر پابندی ختم کر دی گئی،جس کے تحت بین الصوبائی انٹر سٹی اور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ 17 کے بجائے 16 مئی سے 50 فیصد مسافروں کیساتھ بحال کرنے کا اعلان کیا گیا۔ 16 مئی سے تاحکم ثانی پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد مسافروں کیساتھ چلائی جائیگی جبکہ ریل گاڑیاں 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلائی جائیں گی۔میٹرو بس سروس بھی آج سے شروع ہو گئی ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ 17 مئی سے مارکیٹیں اور دکانیں رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی، مارکیٹوں اور دکانوں کے اوقات کار 17 مئی سے تاحکم ثانی یہی رہیں گے، 17 مئی سے سرکاری اور نجی دفاتر کے اوقات کار معمول کے مطابق ہوں گے، 50 فیصد عملہ گھر اور 50 فیصد دفاتر میں کام کرے گا۔
این سی او سی نے کہا کہ 19 مئی کے اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا، عوام ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، عوام ترجیحی بنیادوں پر 1166پر ویکسین کی رجسٹریشن کو یقینی بنائیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے متعلقہ اداروں اور ایجنسیوں کو سختی سے ایس او پیز پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیں۔ ملائیکہ اروڑہ طلاق کے بعد کیسی زندگی گزار رہیں ہیں۔۔ جانئے
آج سے پبلک ٹرانسپورٹ بحال، میٹروبس بھی چل پڑی
May 15, 2021 | 16:10:PM